• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سٹیزن فائونڈیشن نے ایک ہزار پاکستانی بچوں کی تعلیم کیلئے فنڈ جمع کرلیا

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان میں لڑکیوں اور لڑکوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے کام کرنے والی ایک فلاحی تنظیم سٹیزنز فائونڈیشن نے فرینڈز آف دی سٹیزن فائونڈیشن یوکے کے تعاون سے گزشتہ روز پاکستان میں ایک ہزار بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے فنڈ جمع کرنے کی غرض سے شام موسیقی اور فنڈ جمع کرنے کیلئے عشائیے کا اہتمام کیا، اس تقریب کا مقصد یوم پاکستان منانا اور پاکستان میں ٹی سی ایف کے تعلیمی پروگراموں کیلئے فنڈز کے حوالے سے آگہی پیدا کرنا تھا، جس کا بنیادی مقصد تمام تر فوائد پاکستان کے کم مایہ بچوں اور خواتین کو منتقل کرنا ہے۔ تقریب کا آغاز خیرمقدمی استقبالیہ سے شروع ہوا، جس کے بعد عشائیہ دیا گیا، پریزنٹر حاجرہ لال جی نے ٹی سی ایف کے ایگزیکٹو نائب صدر ضیا اختر عباس کے ابتدائی کلمات پڑھ کر سنائے، غزل کے معروف گائیک احمد اخلاق نے پرفارمنس دی، بینکاری، قانون، میڈیکل اور دیگر نمایاں پس منظر سے تعلق رکھنے والے کم وبیش200 مہمانوں نے تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب کو تقویت پہنچانے کیلئے لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا بھی موجود تھے۔ یہ فلاحی تنظیم پاکستان کے ایسے علاقوں کی کمیونٹیز میں، جہاں کے لوگ تعلیم تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر رہتے ہیں، تعلیم کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس موقع پر اپنی تقریر میں نفیس زکریا نے کہا کہ یہ بات انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں اور پاکستان میں تعلیم عام کرنے کیلئے اپنا حصہ ادا کر رہے ہیں۔ ضیا اختر عباس نے کہا کہ سٹیزنز فائونڈیشن کا ہدف2030 تک پاکستان کے2 ملین بچوں اور خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی سی ایف لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لا رہی ہے اور کمیونٹیز کی تعمیر کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ٹی سی ایف کے ذریعے تعلیم حاصل کرنے والے بچے اب بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کم مایہ بچوں کی زندگی میں تبدیلی لانے کیلئے جدید تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ہی ٹی سی ایف حکومت پاکستان کے ساتھ بھی اشتراک کررہی ہے، کیونکہ ہمارا مقصد قومی سطح پر معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تقریب میں ریکارڈ فنڈ جمع کیا گیا، یہ فنڈ پاکستان میں ایک ہزار نئے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے ٹی سی ایف کے6 سکولوں کو فراہم کر دیا جائے گا۔
تازہ ترین