• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنے پرچم ،نشان اورپیغام کیساتھ انتخابی میدان میں آئیں گے،لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ خصو صی)جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں اپنے پرچم،نشان اور پیغام کے ساتھ میدان میں آئیں گے، دستور کی اسلامی بنیادوں کو ختم کرنے والی سیکولر قوتوں کو ناکام بنانے کے ساتھ اپوزیشن کے ساتھ ملکر اٹھارویں ترمیم کی حفاظت کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ ہر چیز پر بھاری ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے پارلیمنٹ اور اسمبلیاں اپنا وجود اور اہمیت کو کھوتی جارہی ہیں۔ جماعت اسلامی نے رابطہ عوام مہم کے ذریعے پچاس لاکھ افراد تک اپنی دعوت پہنچانے کا ہدف طے کیا ہے، آج دشمن قوم کو فرقوں، مسالک کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے جماعت اسلامی ہی اتحاد امت اور وحدت کو قائم کرسکتی ہے۔ جماعت اسلامی ایک عالمگیر اقامت دین کی تحریک ہے، اللہ کا دین ہی انسانوں کے مسائل کا حل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے تحت منصورہ ہالا میں منعقدہ ذمہ داران کے تین روزہ اجتماع کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے لیاقت بلوچ کی خدمت میں سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور ٹوپی پیش کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے ،ستر سال سے بھارت کی قابض فوج انہیں طاقت کے زور پر زیر نہیں کرسکی، اسرائیل ،بھارت اور امریکہ گٹھ جوڑ کے ذریعے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کی جارہی ہے ۔
تازہ ترین