• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کے نوجوان گریجویٹس کل کے کارپوریٹ سی ای اوز اور اسٹارٹ اَپ اونرز ہونگے۔ تاہم، کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک کمپنی کو کس طرح ترقی کی شارع پر سوار کرنا ہے؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک سی ای او اور اسٹارٹ اَپ اونر میں ایسی کیا خصوصیات ہوتی ہیں، جو اس کی کامیابی کو یقینی بناتی ہیں؟

یقیناً، آج کے نوجوان گریجویٹس کا رجحان اسٹارٹ اَپ بزنس کی طرف بہت زیادہ ہے، جب کہ کئی ملٹی نیشنل فرمز کی ٹاپ پوزیشنز پر اپنی نظریں مرکوز کیے بیٹھے ہیں۔ بلاشبہ آپ کا ہدف اعلیٰ، اُونچا اور شاندار ہونا چاہیے، تاہم یہ بھی ضروری ہے کہ اس کے لیے آپ ابھی سے خود کو تیار کرنا شروع کردیں۔

خود کو باعلم بنائیں

بہت کم نوجوان کالج کے بعد کتابیں پڑھنے کی عادت کوبرقرار رکھ پاتے ہیں۔ جب آپ دنیا کے امیر ترین افراد کے بارے میں جانیں گے تو آپ کو معلوم ہوگا کہ وہ ہر وقت کچھ نہ کچھ پڑھتے رہتے ہیں۔ وہ مسلسل نئی چیزیں سیکھنے کے عمل سے گزررہے ہوتے ہیں۔

دنیا چوتھے صنعتی انقلاب میں داخل ہوچکی ہے، جہاں کاروبار کرنے کے روایتی طور طریقے بدل رہے ہیں، ایسے میں ضروری ہے کہ آپ خود کو ان تبدیلیوں کے لیے تیار رکھیں اور ان کے ساتھ چلیں۔

آپ ہر ماہ کم از کم تین کتابیں پڑھیں، ماسٹرمائنڈ گروپس کو جوائن کریں اور جب کبھی ممکن ہو لیڈرشپ کانفرنسز میں شرکت کریں۔

آج آپ خود سے ایک سوال کریں کہ آج سے 10سال بعد آپ کی پسندیدہ کمپنی کو کس طرح کے سی ای او کی ضرورت ہوگی؟ یقیناً، آپ خود سے یا اپنے شعبہ کے سینئرز اور دیگر ماہرین سے بات چیت کرکے اس سوال کا جواب تلاش کرسکتے ہیں۔ پھر خود کو اس کردار کے لیے تیار کریں۔

ویژن ترتیب دیں

ایک سی ای او کی اولین ذمہ داریوں میں یہ شامل ہوتا ہے کہ وہ کمپنی کا ویژن ترتیب دے۔ آج سے تین سال، پانچ سال اور دس سال بعد کمپنی کس طرح ہوگی؟ آپ کون سے نئے پراڈکٹس یا لائحہ عمل (Strategies) بنائیں گے؟ آپ کمپنی میں کس طرح کا کلچر پروان ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں؟

آپ کو اپنے کاروبار کے مستقبل کیلئے ویژن ترتیب دینا ہے، یہ کام آپ کسی اور کو کرنے کیلئے نہیں دے سکتے۔ اگر آپ آن بورڈ نہیں رہیں گے اور سپہ سالار بن کر سربراہی نہیں کریں گے تو کمپنی آگے نہیں بڑھ پائے گی اور اس کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ اپنی کمپنی کے طویل مدتی (تین سے دس سالہ) اہداف کے حصول کیلئے ایک واضح، متحرک ، قابلِ عمل اور بلند نظر ویژن ترتیب دیں۔

لائحہ عمل تخلیق کریں

ویژن ترتیب دینے کے بعد اب آپ کو ایک لائحہ عمل (Strategy)کی ضرورت ہے، جس کے ذریعے آپ اپنے ویژن کو حقیقت کا روپ دے سکیں۔ یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ ان تمام ایریاز کے ماہر ہوں، جہاں لائحہ عمل کی ضرورت ہے، تاہم آپ کو اپنے کاروبار کے ہر شعبے کی منصوبہ بندی اور منظوری کے عمل میں شامل رہنا پڑے گا کیونکہ ان کی کارکردگی آپ کے طویل مدتی ویژن کو حقیقت کا روپ دے گی۔

اسٹریٹجی ڈیویلپمنٹ کے لیے اپنی ٹیم اور اہم عہدوں پر کام کرنے والے افراد کے ساتھ ماہانہ، سہ ماہی اور سالانہ بنیاد پر اسٹریٹجی سیشنز رکھیں۔ اس کے لیے آپ کو بااعتماد مینٹورز بھی درکار ہونگے، جن کے سامنے آپ اپنے آئیڈیاز پیش کرسکیں اور وہ ان پر اپنی ماہرانہ اور ایماندارانہ رائے پیش کریں۔ اگر آپ ایسا ماحول تخلیق کرنے میں کامیاب ہوگئے تو کوئی وجہ نہیں کہ کامیابی آپ کے قدم نہ چومے۔

اپنے پیسوں پر نظر رکھیں

بطور سی ای او یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ کو اور آپ کی کمپنی کو کسی بھی وقت کیش فلو (Cash Flow)کی کمی کا سامنا نہ ہو۔ یہ ویسے تو ایک عام سی بات معلوم ہوتی ہے اور ہر کمپنی اپنے کیش فلوز کا بہت خیال رکھتی ہے، تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اکثر کمپنیوں کو کیش فلو مینجمنٹ میں مسائل کاسامنا رہتا ہے۔ بہت سے لوگ اب یہ سوچیں گے کہ اگر کمپنی کے کیش کو بھی سی ای او نے دیکھنا ہے تو پھر CFOکا کیا کام؟ یاد رکھیں کہ سی ای او کو اس ذمہ داری سے مبرا قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اگر آپ طویل مدت میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو پھر آپ کو اپنی کمپنی کے کیش فلوز پر نظر رکھنا ہوگی۔

بطور سی ای او یا اسٹارٹ اَپ، آپ کا 80فی صد وقت اسی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کرنے میں گزرنا چاہیے جبکہ بقیہ20فی صد وقت آپ اپنے روزمرہ کی کاروباری مصروفیات اور فراغت میں گزار سکتے ہیں۔ اس وقت کو آپ اپنی ٹیم کے ساتھ گھومنے پھرنے، تازہ دم ہونے یا پھر نئے آئیڈیاز تخلیق کرنے میں بھی گزار سکتے ہیں۔ تاہم آپ جس ممکن حد تک ان چار ایریاز کو سمجھنے اور مہارت حاصل کرنے پر کام کریں گے، آپ کی کمپنی اسی تیزی سے ترقی کرے گی اور آپ اتنی ہی زیادہ خوشی محسوس کریں گے۔

تازہ ترین