• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای لرننگ کے ذریعے تعلیم تک رسائی آسان ہوگئی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ مارکیٹ نہ صرف میچور ہورہی ہے بلکہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہی ہے۔ اس کے علاوہ کنیکٹویٹی بڑھنے سے لوگوں کی خواہشات میں بھی اضافہ ہو رہاہے۔ ای لرننگ کے باعث اب کچھ بھی سیکھنے کیلئے آپ فوراً آن لائن کورسز یا ویڈیوز کا سہارا لے سکتے ہیں۔ ای لرننگ کی پھوٹی ہوئی کونپل اب تناور درخت بنتی جارہی ہے۔ اس کا پھیلائو کہاںتک ہوگا، اس کا تو معلوم نہیں لیکن ہم اتنی دوراندیشی کا مظاہر ہ کرسکتے ہیں کہ 2019ء میں ہونے والی پیش رفت کے بارےمیں کچھ بات کرسکیں ۔

متبادل کورسز، اسکِل ڈویلپمنٹ

رواں سال میں ای لرننگ کی سب سے بڑی ساجھے داری یہی ہے کہ اب وہ کورسز بھی اہمیت اختیار کررہے ہیں، جنہیں پہلے کوئی وقعت نہیں دی جاتی تھی۔ مثال کے طور پر غیرروایتی کورسز جیسے کہ کیلی گرافی یا کورین کھانوں کے کوکنگ کورس جیسے مضامین کواختیار کرنے کا خیا ل شاید ہی کسی کےدل میں آتاہوگا۔ اب تعلیم چونکہ برقیاتی سطح پر دستیاب ہے اسی لئے سیکھنے کیلئے بے تاب لوگوں کو اپنی مرضی کے مطابق علم سیکھنے کیلئے پلیٹ فارمز دستیاب ہوتے جارہے ہیں، جو بعض اوقات تصور سے پرے محسوس ہوتے ہیں۔ بہرحال اپنی مرضی کا کورس منتخب اور مکمل کرنے کے بعد ان میں شاید وہ مہارت نہ ہو، جو روایتی طور پر سیکھنے سے آتی ہے لیکن جس طرح روایتی کورسز کرکے آپ تجربے کی بھٹی میں پک کر کندن بنتے ہیں ، اسی طرح ای لرننگ کے ساتھ اور کورس مکمل ہونے کے بعد بھی مستقل مشقوں اور محنت کے ذریعے مہارت میں بہتر ی لائی جاسکتی ہے۔ شنید یہی ہے کہ ای لرننگ مقبولیت حاصل کرتی رہے گی اور متبادل کورسز سامنے آتے رہیں گے۔

امتحان اور رحجان

روایتی طور پر جب طلبا ایک خاص عمر کو پہنچتے ہیں تو انہیں اپنے مضامین کے انتخاب، اسپیشلائزیشن اور تعلیمی راستہ اختیار کرنے کے حوالے سے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ پہلے زمانے میں یہ فیصلے محدود ذرائع کی بنیاد پر لیے جاتے تھے ، جس میں والدین کے مشورے، سماجی رواج اور کسی بھی کیریئرمیں لوگوں کے موجودہ معیار کا بڑا ہاتھ ہوتا تھا۔ بہت ہوا تو کسی تعلیمی ادارےسے کائونسلنگ کروالی جاتی تھی یا پھر کسی ٹیسٹ کے ذریعے رحجان کا پتہ چلالیا جاتا تھا۔ تاہم، اب ای لرننگ کی مختلف سروسز سرعت سے پھیل رہی ہیں اور رحجان کا امتحان جامع، سائنسی ، تحقیق شدہ اور مکمل لیا جارہاہے۔ اس رحجان کے امتحان کیلئے کمپنیوںنے ایک تفصیلی الگورتھم تیار کیاہے، جس کی بنیاد پرلیے جانے والے ٹیسٹ کے مطابق طلبانہ صرف اپنی عالمانہ خوبیوںاور خامیوں سے آگاہ ہوجاتے ہیں بلکہ ان ٹیسٹ کے ذریعےان کو اپنی شخصیت، اکیڈمک پڑھائی اور دلچسپی کے مطابق کیریئر کے انتخاب میں آسانی ہوتی ہے۔ اپنے رحجان کے امتحان سے کلی طور پر مطابقت کا مظاہرہ طلبا کو ای لرننگ کے پلیٹ فارم کوسمجھنے میں مدد فراہم کرتاہے، جس سے نئی نسل کو جدید معلومات کے مطابق اپنے مضامین یا کیریئر کا انتخاب کرنے میں سہولت ملتی ہے۔

بہترین معلم

زیادہ عرصہ نہیں گزرا جب ای لرننگ پروگرامز کو معاشرے کا ایک طبقہ معمول کے روایتی کورسز کی طرح درست اور اعلیٰ معیار کا نہیں سمجھتا تھا۔ ا س خیال کے پیچھے کئی محرکات تھے، جس میں سب بڑا محرک لوگوں کا یقین تھاکہ اس میں معلم کا کردار معیاری نہیں ہوتا۔ شاید یہ بات کچھ عرصہ قبل درست ہو، لیکن اب آپ اپنے متعلقہ فیلڈ کے قابل احترام اور قابل اساتذہ و پروفیشنلز کے لیکچرز اور ہدایات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ یہ قابل افراد اپنے شعبوں میں اتالیق کے طور جانے جاتے ہیں۔ البتہ کچھ شعبہ جات ایسے بھی ہیں، جہاں ای لرننگ اپنی افادیت کھو دیتی ہے، خاص طور پر فنونِ لطیفہ کے شعبوں میں، مثلاً اگر آپ کو فلم ڈائریکشن میں کیریئر بناناہے تو آ پ ای لرننگ کورس نہ کریں۔ اس کی جگہ آپ بین الاقوامی سطح پر مشہور اور ایوارڈ یافتہ فلم ڈائریکٹر سے آن لائن مشورے لے سکتے ہیں یا کسی بھی ہالی ووڈ ایڈیٹر سے ایڈیٹنگ کے اسرار ورموز جان سکتے ہیں۔

آج کا طالبعلم زیادہ ہوشیار اور باخبر ہے، وہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخل ہونے یا کوئی بھی کورس کرنے سے پہلے اس کی اسکروٹنی یا چھان بین کرتاہے۔ اسی لیے اگر وہ کوئی آن لائن کورس کرنے کا ارادہ کرتاہے تو اس کیلئے کوشش بھی کرے گا۔ اس کی کوشش ہوگی کہ وہ بہترین آن لائن انسٹیٹیوٹ سے اپنے کورسز مکمل کرے اور یہ مشکل اس لئے بھی نہیں ہے کہ اب معروف فیکلٹی بھی چند کلک پر دستیاب ہے۔ امید یہی ہے کہ یہ سہولت آنے والے وقتوں میں بہتر سے بہتر ہوتی چلی جائے گی۔

ویژوئل لرننگ

نئے دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تفریحی مواد بھی شامل ہوچکاہے، اب بچے ویڈیو کے ذریعے اسباق لیتے اور سمجھتے ہیں اور یہ سب ای لرننگ کے ذمرے میں ہی آتا ہے۔ آن لائن کورسز کو ویڈیو بلاگنگ اور ویڈیو لیکچرز کے ذریعے تقویت مل رہی ہے۔ آگمینٹڈ ریالٹی اسے نئی بلندیوں پر لے جارہی ہےاور ویڈیو بیسڈ لرننگ اپنے رنگ جما رہی ہے۔ رواں سال ویڈیو لرننگ میں مزید پیش رفت دیکھنے میں آئے گی۔

تازہ ترین