• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’زیر سمندر تیل نکلا تو یہ بڑی دریافت ہوگی‘

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ زیر سمندر تیل کے ذخائرہ کا اندازہ 5ہزار میٹر ڈرلنگ کے بعد ہی ہوگا۔

اسلام آباد میں سوشل میڈیا فورم کے سوالات کے جوابات میں انہوں نے کہا کہ فی الحال تو صرف ساڑھے 3 ہزارمیٹر ڈرلنگ ہوئی ہے، اگر زیر سمندر تیل نکلا تو یہ بہت بڑی دریافت ہوگی۔

انہوں نےکہا کہ نواز شریف خاندان اسٹیل کے کاروبار میں ہے،جدہ دبئی میں ان کی نجی اسٹیل ملز سونا اگلتی ہیں،ان کے دور حکومت میں پاکستان اسٹیل ملز بند ہو گئی۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ شاہد خاقان اپنی ائر لائن کامیابی سے چلا رہے ہیں،ان کے دور میں پی آئی اے کو ریکارڈ 70ارب روپے کا خسارہ ہوا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ بے نامی اکاونٹس کے اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے درمیان اختلافات ختم ہو گئے،اب نوٹس جاری کرنے کا کام شروع ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں صرف ن لیگ کے دور میں ملکی برآمدات میں کمی ہوئی،ڈالر کی قدر میں اضافہ 19 ارب ڈالر کرنٹ اکاونٹ خسارے کے باعث ہوا۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ دوسری وجہ ڈالر کی طلب میں اضافہ بھی ہے،پی ٹی آئی حکومت کی مدت مکمل ہونے تک معاشی اشاریے ن لیگ کی نسبت بہتر ہوں گے،رواں ماہ برآمدات کے شعبے میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوگا، معیشت بحران میں تھی اب وہ ختم ہوگیا،آئی ایم ایف پہلے کی نسبت کم سخت شرائط پر بات چیت کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، کرنسی کی مضبوطی اچھی معیشت جانچنے کا پیمانہ نہیں ہے، مصنوعی طریقے سے روپے کی قیمت مستحکم رکھنے سے نقصان ہوتا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں 2900 ارب روپے کے خسارے بنتے ہیں،ن لیگ کے دور میں بیرونی خسارہ 2 ارب ڈالر سالانہ ہورہا تھا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی بیواوں کو ادائیگیاں کردی ہیں،جو ملازمین بیواوں کے پیسے کھا کر بھاگ گئے تھے انہیں ای سی ایل پر ڈال دیا ہے،اب اسٹیل ملز چلے گی تو ریٹائرڈ ملازمین کو ادائیگیاں ہوں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ رواں سال ن لیگ کے دور کی نسبت کرنٹ اکاونٹ خسارے میں8 ارب ڈالر تک کمی ہو گی۔

تازہ ترین