• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے یورپین پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے یورپی پارلیمنٹ کے صدر کو خطے کی تازہ ترین صورتحال اور افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا۔

انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے یورپین قیادت پر زور دیا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

جواب میں پارلیمنٹ کے صدر انتونیو تاجانی نے وفاقی وزیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان اور یورپ کے درمیان تعلقات پر اظہار اطمینان کیا ۔ انہوں نے ڈاکٹر شیریں مزاری کے توسط سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

انتونیو تاجانی نے مزید کہا کہ انکی پاکستان کے وزیر اعظم سے انتخابات کے فوراً بعد ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی تھی جو کہ ایک اچھا رابطہ ثابت ہوا ۔

انہوں نے یقین دلایا کہ وہ امن کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے یورپین پارلیمنٹ کے صدر کو تحفہ پیش کیا جسے انہوں نے امن کی شمع کا نام دیا تھا۔

ڈاکٹر شیریں مزاری نے صدر پارلیمنٹ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جس پر انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن کے بعد اس پر غور کریںنگے۔

  ملاقات کے موقع پر بیلجئیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لئے پاکستانی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی ، ڈپٹی ہیڈ آف مشن آصف میمن، ایچ او سی گیان چند ، قونصلر ثاقب رئوف اور پریس قونصلر سلطانہ رضوی بھی موجود تھیں۔

تازہ ترین