• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمیٰ صدیقی

گرمی کے موسم میں کھانے سے زیادہ لوگوں کا ٹھنڈے ٹھنڈے مشروبات پینے کا دل چاہتا ہے،کیوں کہ موسم ِگرما میں بھوک سے زیادہ پیاس کا احساس ہوتا ہے ۔اسی بات کو ملحوظ ِخاطر رکھتے ہوئے ۔آج ہم آپ کو گرمی کے چند منفرد مشروبات کی تراکیب بتا رہے ہیں ۔ان کو بنا کر گرمی کا مزہ دوبالا کریں

لسی

اجزاء: دہی آدھا کلو،چینی چار بڑے چمچے،نمک آدھا چائے کا چمچہ،برف باریک کوٹ کر حسبِ ضرورت

ترکیب: دہی، چینی ، نمک اورتھوڑا سا پانی بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں،پھر جگ میں نکال کر ٹھنڈا پانی اور برف مکس کرلیںاور ٹھنڈی لسی کا لطف اٹھائیں۔

شکنجبین

اجزاء: لیموں دو سے تین عدد ،چینی دو سے تین بڑے چمچے،نمک چٹکی بھر،کالا نمک چٹکی بھر،کٹی ہوئی برف حسبِ ضرورت،پانی ایک جگ

ترکیب: سب سے پہلے پانی میں چینی گھول کر لیموں کا رس شامل کردیں پھر برف اور دو پودینے کے پتے ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کریں ۔یہ شدید گرمی میں پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے جگر اور معدے کی اصلاح کرتا ہےاور یہ عام میٹھے شربتوں کی طرح بھاری پن نہیں لاتا۔

کیری کا شربت

اجزاء: کیری ایک کلو،چینی ایک کلو،پانی چار گلاس

ترکیب: کیری کو اچھی طرح سے دھو کر اس کا چھلکا اتار لیں پھر اس میں چار گلاس پانی شامل کرکے ابال لیںاورجب کیری اچھی طرح گل جائے تو چولھا بند کر دیں۔ٹھنڈا ہونے پر ہاتھوں سے اس کا گودا نکال لیں۔جب سارا گودا اور اس کا بچا ہوا پانی کم ہوجائے تو اورپانی شامل کرلیںاور اس کو ایک کلو چینی کے ساتھ گرائنڈر میں ڈال کرگرائنڈ کر لیں۔اس کے بعد اس مکسچر کو ایک دیگچی میں ڈال کر پکا ئیں ۔ لکڑی کا چمچہ مسلسل چلاتے رہیں۔ جب اس کا رنگ تھوڑا تبدیل ہونا شروع ہوجائے، چینی پک جائےاور یہ گاڑھا ہوجائے تو چولہا بند کردیں۔جب ٹھنڈا ہوجائے تو ایک بوتل میں بھر کر فریج میں رکھ لیں۔ جب دل چاہے ٹھنڈے پانی میں دو کھانے کے چمچے اس مکسچر کو ڈالیں اور برف ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا استعمال کریں۔

تربوز کا شربت

اجزا: تربوز – دو کپ (ٹکڑوں میں)،لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچہ ،لال سیرپ ایک چائے کا چمچہ ،چینی حسب ِضرورت ،پانی حسب ِضرورت ،برف کے ٹکڑے حسب ِضرورت ،لیموں اور پودینے کے پتے گارنشنگ کے لیے

ترکیب: بلینڈر میں تربوز شامل کرکے تھوڑے سے پانی کے ساتھ بلینڈ کرلیں۔ پھر اسے کسی برتن میں نکال کر چھان لیں ۔اس کے بعد لیموں کا رس، لال سیرپ اور چینی شامل کرکے آخر میں لیموں، پودینے کے پتے اور برف کے ٹکڑوں کے ساتھ گلاس میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ تربوز کا شربت تیار ہے۔

فالسے کا شربت

اجزا: فالسے ایک پائو،،چینی حسب ِذائقہ ،نمک حب ِذائقہ

ترکیب: سب سے پہلے فالسے کو دھو کر ایک گلاس پانی میں بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں ،پھر اسے چھلنی یا باریک کپڑے کی مدد سے اچھی طرح چھان لیں۔اس کے بعد ایک کپ پانی میں حسب پسند چینی اور نمک حل کرکے چھنے ہوئے فالسے کے رس میں حسب ضرورت ٹھنڈا پانی اور چینی ملا پانی شامل کرلیں ۔حسب پسند آپ اس میںکالی مرچ بھی شامل کرسکتی ہیں۔​ آئس کیوبز ڈالیں، ٹھنڈا ٹھنڈا فالسے کا شربت تیار ہے۔

تازہ ترین