• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کویت کیلئے پاکستانی برآمدات میں اضافہ، اقدامات کیے جائیں، حافظ شبیر

کویت کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت حافظ محمد شبیر نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں کے سبب کویت میں بھی پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کویت کے لیے برآمدات میں مزید اضافے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔

یہ بات حافظ محمد شبیر نے لاہور میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش ٹیکسپو میں وفاقی مشیر تجارت عبدالرزاق داود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انھوں نے کہا کہ حکومت کو اعلیٰ ترین سطح پرکویت کی حکومت سے پاکستان کے لیے ویزوں پر عائد پابندی کے خاتمے کے لیے بات چیت کرنی چاہیے۔

جبکہ کویت میں پاکستانی اشیاء کی نمائش کے لیے اقدامات کرنا چاہییں جبکہ جو پاکستانی کویت کے ساتھ کاروبار کررہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

اس موقع پر وفاقی مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے حافظ محمد شبیر کی پاکستانی برامدات میں اضافے کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ کویت کے لیے تجارت میں درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے فوری طورپر احکامات جاری کیے جائیں۔

اس موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد شبیر نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستان کی زیادہ سے زیادہ اشیاء کویت میں پہنچے ،پاکستانیوں کے لیے ویزوں پر عائد پابندی کا خاتمہ ہو ،جس کے لیے وہ سفیر پاکستان غلام دستگیر صاحب کی کوششوں میں ان کا ہاتھ بھی بٹا رہے ہیں۔

جبکہ ٹریڈ آفیسر نوید صابر کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کےلیے کوششیں بھی کررہے ہیں تاہم حکومتی سطح پر بات چیت ہی اصل نتیجہ خیز ہوگی۔

حافظ محمد شبیر نے لاہور میں ٹیکسٹائل کی شاندار نمائش منعقد کرانے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان ،مشیر تجارت عبدالرزاق داوداور سیکریٹری ٹی ڈیپ صالح فاروقی کی خدمات کو سراہا ۔

تازہ ترین