• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں کرائم کنٹرول پرفارمنس پر وزیراعظم عمران خان کا اظہار اطمینان

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں کرائم کنٹرول پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اسلام آباد کیپٹل ٹریٹری (وفاقی انتظامیہ کے زیرکنٹرول علاقے میں) پانچ ماہ کی مختصر مدت میں جرائم کی تعداد میں 444 کی کمی پر پولیس انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل پولیس عامر ذوالفقار نے اختتام ہفتہ وزیراعظم کو سنگین جرائم کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں جرائم میں پانچ ماہ کے دوران 35فیصد کی ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ سال یکم نومبر سے 31مارچ 2018ء کے پانچ ماہ میں جرائم کی تعداد 1285تھی جو یکم نومبر 2018ء سے 31مارچ 2019ء کے پانچ ماہ میں 841ہو گئی۔ اس طرح جرائم کی تعداد میں 444کی کمی ہوئی۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حالیہ پانچ مہینوں میں اسلام آباد میں قتل کے 44کیس ہوئے جبکہ 2017-18ء کے پانچ مہینوں میں قتل کے 55واقعات ہوئے۔ اس طرح قتل کے واقعات میں 11کی کمی آئی جو 20فیصد بنتی ہے۔
تازہ ترین