• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اریبہ سلیم 

گرمی کے موسم میں اگر خواتین کو دعوت ،شادی یا کسی بھی تقریب میں جانا ہو توان کو سب سے پہلے یہ پریشانی لاحق ہوتی ہے کہ میک اپ کیسا کریں ،خاص طور پر آنکھوں کاکیوں کہ اتنی زیادہ گرمی میں تو زیادہ ڈارک میک اچھا بھی نہیں لگتا ۔اس ہفتے ہم آپ کو مختلف آئی میک اپ کے بارے میں بتا رہے ہیں ۔ جن پر عمل کر کے آپ اپنی آنکھوں کو خو ب صورت بنا سکتی ہیں۔

آئی میک اَپ

موسم گرم ہے ا س لیے ہمارا مشورہ ہے کہ میک اَپ ہلکا پھلکا کریں ،البتہ توجہ دیں آئی میک اَپ پر کیوں کہ آنکھیں ہی بولتی ہیں ۔آپ نے دیکھا ہوگا کہ ماہرین آرائش حُسن ’’دلہن ‘‘ میک اَپ میں سب سے زیادہ توجہ آنکھوں پر دیتی ہیں ۔پورا میک اَپ دس منٹ میں اور آنکھوں کا آدھے گھنٹے یا اس سے بھی زائد وقت میں ہوتا ہے ۔بظاہر آئی شیڈز اور کاجل آنکھوں پر لگا ہوتا ہے لیکن اسے لگانے میں بھی مہارت ضروری ہے ۔ بازار میں کئی اقسام کے شیڈز دست یاب ہیں۔ آپ اپنی آنکھوں اور چہرے کی رنگت کو مدنظر رکھتے ہوئے رنگوں کا انتخاب کریں ۔آنکھوں کا میک اپ کرنا ہر خاتون کے بس کی بات نہیں لیکن چند چیزوں کا خیال رکھیں گی تو یقیناً آپ اچھا آئی میک اَپ کرسکتی ہیں ۔ سب سے پہلے اپنی آنکھوں کی بناوٹ پرغورکریں۔مثلاً: بڑی ہیں یا چھوٹی ،گول ہیں یا لمبوتری وغیرہ ۔لیکن جیسی بھی ہوں،بس گہرے رنگوں کے شیڈ زلگانے سے اجتناب کریں۔ ہلکا گلابی، برائون، آسمانی یا اسکن رنگ کے شیڈز لگائیں۔آنکھوں کے میک اپ کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ کوئی سے بھی تین گہرے، درمیانے اور ہلکے رنگ کے آئی شیڈز لیں ، سب سے پہلے ہلکا رنگ بھنوؤں کی نچلی سطح پر لگائیں، درمیانہ رنگ پپوٹوں کے درمیان میں لگا کر ہلکے رنگ کا ٹچ دیں۔ پلکوں کے ساتھ ساتھ گہرا رنگ بہت پتلا سا لگائیں۔ اس کے اوپر لائنر لگا ئیں۔ اگر آپ ایک ہی رنگ استعمال کرنا چاہتی ہیں، تو اس کے تین شیڈ ز(ایک ہی رنگ کے) گہرا، درمیانہ اور ہلکا لگائیں۔

اسموکی آئی میک اپ

اس میں دو رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے، پہلا رنگ بیس ہوتا ہے، جب کہ دوسرارنگ اس سے ہلکا ہوتا ہے۔ عموماً کالے اور سرمئی آئی شیڈو سے آنکھوںکو اسموکی بنایا جاتا ہے، ان شیڈز کو ملا کر پپوٹوں پر لائنر کی طرح تھوڑا موٹا لگائیں، اسے برش کی مدد سے نفاست سے باہر کی جانب پھیلائیں، بھنوؤں کے نیچے لائٹ گولڈن شیڈ لگائیں۔ یہ میک اپ رات کی دعوت میں بہت اچھا لگتا ہے ۔

مون لائٹ آئی میک اپ

یہ ٹھنڈا میک اپ کہلاتا ہے، جو دن اور رات، دونوں میں کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے بھنوؤں کے نچلے حصے پر سلور ہائی لائٹر اور سلورشیڈ بیس کے طور پر لگائیں۔ اس کے بعد نیلا یا فیروزی شیڈ لگا کر ہلکا سا سلور شیڈ لگائیںیہ آنکھوں پر بہت اچھا لگے گا ۔

آنکھوں کامیک اپ کرتے ہوئے چند باتوں کا خیال رکھیں

پپوٹوں پر آئی شیڈ لگانے کے بعد اس کو اچھی طرح بلینڈ کریں۔اگرآپ کے پاس برش نہیں، تو کاٹن بڈ کی مدد سے بھی شیڈز کو بلینڈ کیا جا سکتا ہے۔بھنوؤں کی نچلی سطح پر کبھی بھی گہرے رنگ کا شیڈ استعمال نہ کریں، بہتر ہوگا کہ ہلکا زرد یا سنہری رنگ لگائیں۔شیڈز کا بہت زیادہ استعمال ہر گز نہ کریں ۔آج کل کاجل فیشن میں ہے ۔اگر آپ آنکھوں کے نیچے دن میں ہلکا اور رات میں گہرا کاجل لگائیں گی تو آنکھیں چھوٹی ہوں یا بڑی ،خوب صورت لگیں گی ۔

تازہ ترین