• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی 5سال کی کارکردگی کےخوف کیساتھ انتخاب لڑ رہے ہیں، برکھادت

لاہور(خالد محمود خالد)بھارت میں عام انتخابات میں وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے سے اہم نوعیت کے تبصرے کئے جارہے ہیں۔ معروف تجزیہ کار برکھا دت نے ایک امریکی جریدے میں لکھا ہے کہ 2014میں نریندر مودی ایک تمنا اور خواہش لے کر انتخابات میں حصہ لے رہے تھے ۔ان کے نزدیک بھارت کا آئین ایک مقدس کتاب کی حیثیت رکھتا تھا اور ان کا نعرہ تھا کہ اچھے دن آئیں گے ۔ ان کا وعدہ تھا کہ بھارت بھر پور طریقے سے ترقی کرے گا۔2019کے انتخابات میں وہی مودی ایک خوف کے سایہ میں انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور یہ خوف انہیں ان کے اپنے گزارے ہوئے پانچ سالوں کی کارکردگی کی بنیاد پر ہے۔ اپنی انتخابی مہم کے لئے نکلنے سے پہلے انہیں سوچنا پڑتا ہے کہ انہوں نے گزشتہ پانچ سالوں میں جو کچھ کیا ، بھارتی عوام کو وہ اس کے بارے میں کیسے قائل کر سکیں گے کہ انہوں نے جو کچھ کیا وہ ملک اور عوام کی بہتری کے لئے تھا ۔ انہوں نے ملکی معیشت کی بہتری کے لئے جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ عوام کو نوکریاں دینے کا جو وعدہ انہوں نے 2014میں کیا تھا وہ بھی سب کے سامنے ہے۔ اس وقت بھارت میں بیروز گاری کی شرح گزشتہ چار دہائیوں میں سب سے زیادہ ہے۔بھارت میں خوف کے سائے بڑھ گئے ہیں جس کی وجہ سے انتخابات کے قریب مودی اور ان کی سرکار کے سبھی وزرا کو اپنے نام کے ساتھ چوکیدار کا لفظ لکھنے کی ضرورت پیش آگئی اور انہیں عوام کو نیا نعرہ دینا پڑا کہ وہ بھارت کے گیٹ پر پہرے دار کی حیثیت سے کھڑے ہیں۔

تازہ ترین