پشاور( نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشتگردوں کیخلاف 17 گھنٹے سے جاری آپریشن مکمل ، مکان میں چھپے دہشت گردوں کیخلاف سیکورٹی اہلکاروں کے آپریشن میں 5دہشت گرد ہلاک ،1 اہلکار شہید اور 2زخمی ہو گئے ۔ حیات آباد فیزسیون کے سیکٹر ٹین کے گھر میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پیر کی شب آپریشن شروع کیا گیا،جس میں دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان تقریباً 17 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ۔نمائندہ جنگ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حیات آباد آپریشن میں مارے جانے والے دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر اور ایک افغان خودکش بمبار بھی شامل ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج اور صوبائی پولیس نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں خفیہ اطلاعات پر دہشتگردوں کی پناہ گاہ پر کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں اے ایس آئی قمر عالم شہید اور ایک جوان اور افسر زخمی ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔فائرنگ کے تبادلے میں دو شہری بھی زخمی ہوئے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں میں تحریک طالبان کا کمانڈر امجد، سعید، ذاکر، طارق، بہروز اور ایک افغانی دہشت گرد شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ افغان دہشت گرد کی عمر 21 سال اور تعلق صوبہ ننگرہار سے ہے جسے بارود سے بھری موٹر سائیکل کے ذریعے کسی بھی اہم شخصیت یا مقام کو نشانہ بنانے کا ٹاسک حوالہ کیا گیا تھا۔ ایڈیشنل آئی جی بم ڈسپوزل یونٹ شفقت ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گھر میں 50 سے 60 کلو گرام بارودی مواد نصب کیا گیا تھا جسے ناکارہ بنانے کے دوران تین منزلہ عمارت میں زور دار دھماکا ہوا اور وہ منہدم ہوگئی۔ آپریشن کے بعد دہشت گردوں کے زیر استعمال مکان کو کلیئر کرنے کے دوران خودکش جیکٹس، بارودی سے بھری موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔دوران آپریشن بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پیر کی شب پشاور پولیس نے حساس اداروں کے ہمراہ حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاعات پرایک مکان پر چھاپہ مارا جس کے دوران وہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں اینٹی ٹیرر ازم سکواڈ (اے ٹی ایس) کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر قمر عالم شہید ہوگیا، بعد ازاں پولیس کی مزید نفری اور پاک فوج کے جوان بھی موقع پر پہنچ گئے،دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔