• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام الناس کو سستی اشیائے خورو نوش کی فراہمی کے لئے گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی ملک بھر میں قائم 4500یوٹیلیٹی اسٹوروں پر 2مئی سے رمضان پیکیج شروع کرنے کا فیصلہ خوش آئند اقدام ہے، جس کے تحت شہریوں کو مختلف اشیا پر 12فیصد رعایت ملے گی۔ اس مقصد کے لئے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو 2ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں، تاہم کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین نے اس رقم کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مزید 3ارب مانگے ہیں تاکہ ملک بھر میں طلب و رسد کا توازن برقرار رہ سکے اور فنڈز کی کمی کے باعث کسی بھی چیز کے اسٹورز سے غائب ہونے کا جواز باقی نہ رہے۔ مہنگائی عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہونے کے باعث حکومت کا یہ اقدام لائقِ ستائش ہے۔ اس وقت بیشتر یوٹیلیٹی اسٹوروں پر صورتحال یہ ہے کہ گھی، چاول، دالیں، چینی سمیت بہت سی دیگر اشیاء میسر نہیں، مزید برآں ملک بھر میں پہلے ہی پھل، سبزی، چکن، مٹن اور بیف کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہیں اور غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ اگر یہی حال رہا تو یہ قیمتیں اب متوسط طبقے پر بھی اثر انداز ہوں گی۔ رہی سہی کسر اشیاء کی ذخیرہ اندوزی نے پوری کر دی ہے جو ابھی سے مارکیٹ سے غائب ہیں۔ اگر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی۔ سستے رمضان بازاروں کا رواج کئی اسلامی ممالک میں ہے جہاں تمام تر اشیائے خورو نوش کی فراہمی عام مارکیٹ کے مقابلے میں نہایت کم نرخوں پر یقینی بنائی جاتی ہے۔ حکومت پنجاب نے اس سال بھی گزشتہ برسوں کی طرح صوبے کے تمام اضلاع میں 300عام اور 32ماڈل رمضان بازار لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امید ہے کہ دوسرے صوبے بھی اس کام کو آگے بڑھائیں گے، تاہم ان بازاروں کی کارکردگی موثر بنانے اور عوام کو تمام تر اشیاء کی آسانی سے فراہمی کے لئے کیے گئے اقدامات کی نگرانی یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین