• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف نیب کی اپیل سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے قومی احتساب بیورو (نیب )کے دو الگ الگ ریفرنسز میں میاں شہباز شریف اور فواد حسن فواد کی لاہور ہائی کورٹ سے منظور ہونے والی ضمانتوں کی منسوخی کے حوالے سے چیئرمین نیب کی اپیلیں باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کر تے ہوئے ملزمان میاں شہباز شریف اورفواد حسن فواد کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں، کیس کی مزید سماعت دومئی کو ہوگی، جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی ،جسٹس اعجاز الاحسن نےریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ نے شہبازشریف پرالزامات مسترد کرتے ہوئے قراردیا ٹھیکے میرٹ پردیئے گئے،نیب کے وکلاء کی ٹیم کے سربراہ ،نعیم بخاری نے کہا کہ فیصلہ ضمانت کےطے کردہ اصولوں کے منافی ہے، ٹرائل بری طرح متاثر ہوگا،جسٹس اعجاز الاحسن نے ان سے استفسار کیا کہ اس کیس میں شہباز شریف پر الزام کیا ہے؟ تو انہوں نے موقف اختیار کیا کہ آشیانہ ہائو سنگ اسکیم غریب شہریوں کو سستے گھروں کی فراہمی کامنصوبہ تھا، جس کیلئے مختص کی گئی تین ہزار کنال اراضی میں سے دو ہزار کنال اراضی پیراگون ہائوسنگ کو دے دی گئی تھی ، جس پراس حوالے سے شہباز شریف اور فواد حسن فواد سمیت مختلف ملزمان کے خلاف نیب ریفرنس قائم کیا گیاہے جوکہ احتساب عدالت میں زیر التواء ہے،جس میں شواہد پیش کئے جارہے ہیں۔

تازہ ترین