• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ نسلوں کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سےآراستہ کرنا ترجیح بنانا ہوگی،افضل خان

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) شیڈو وزیر برائے امیگریشن محمد افضل خان نے کہا کہ برطانیہ جیسے جدید اور ترقی یافتہ ملک میں رہتے ہوئے ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا بحیثیت کمیونٹی ہماری اولین ترجیح ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاروبار کی اوپننگ کے موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گریٹر مانچسٹر کے سیاسی وسماجی رہنمائوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ جن میں یوسف عبداللہ، چوہدری نوید ڈین، چوہدری محمد ارشد، زہرہ ڈین، بلال عزیز، ہماجاوید لبنیٰ بلال، عصمت کاشف، یاسمین افضل، راحت سرور، رخسانہ ہاشمی، عماد یوسف، زاہد سرور، چوہدری طاہر صدیق، سالیسٹر عقیل لطیف، مسز نعیم حسین کے علاوہ دیگر افراد نے تقریب میں شرکت کی۔ ممتاز بزنس ویمن زہرہ ڈین، یوسف عبداللہ، نوید ڈین، زاہد سرور، محمد ارشد اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم برطانیہ جیسے ملک کے شہری ہیں، جہاں ہر ایک کو زندگی کے کسی بھی شعبہ میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے، آگے بڑھنے اور ترقی کے زینے طے کرنے کے بھرپور مواقع فراہم ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ ہم ان کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف اپنے اور اپنی اولادوں کے مستقبل کو بہتر بنائیں بلکہ ملک کی معاشی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت ہمارے خون میں رچی بسی ہے اور اس کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا بھی ہمارا فرض ہے۔ تاہم دیارغیر میں ہم اپنی غیر معمولی محنت اور توجہ سے کارہائے نمایاں سرانجام دے کر نہ صرف اپنے لئے بلکہ اپنے وطن کے لئے بھی نیک نامی کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس موقع پر بلال عزیز، عماد یوسف، طاہر صدیق نے کہا کہ ہمارے پاکستانی بہن، بھائی اپنی محنت اور لگن سے کامیابیوں کے جس سفر پر گامزن رہے ہیں وہ یقیناً قابل ستائش ہے، ہماری نوجوان نسل کی مختلف قسم کے جرائم کی طرف رغبت ہم سب کے لئے ایک ایسا چیلنج ہے جسے کسی ایک فرد یا فیملی کا مسئلہ سمجھ کر نظر انداز کرنا غیر ذمہ دارانہ سوچ ہوگی، یہ بحیثیت کمیونٹی ہم سب کا مسئلہ ہے اور اسے ہم سب کو مل جل کر حل کرنا ہے۔

تازہ ترین