پشاور بی آر ٹی کی بسوں کے معائنے کے بعد پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ نے ٹرانس پشاور کو خط لکھ دیا ہے جس میں بسوں میں نقائص کی نشاندہی کی گئ ہے۔
خط میں پشاور بی آر ٹی کی بسوں میں نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے ان بسوں میں خواتین کے گرنے یا پھسلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بس میں خواتین کی نشستوں کےلیے پلیٹ فارم عالمی معیار کے مطابق نہیں ہیں، پلیٹ فارم اوپر ہونے سے خواتین کے گرنے یا پھسلنے کا اندیشہ ہے جبکہ بسوں کی نشستوں پر کشن نہیں اور نہ ہی سیٹیں آرام دہ ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بس میں ٹکٹ وینڈنگ مشین نہیں، بسوں کی فنیشنگ بھی ٹھیک نہیں، دروازے کے نٹ بولٹ نظر آ رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع کا بسوں کے نقص بتاتے ہوئے کہنا ہے کہ خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بسوں میں دروازوں پر لگی لائٹیں بھی معیاری نہیں۔
خط میں یہ نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ معذور افراد کو بسوں میں سوار کرانے کے لیے آٹومیٹک کے بجائے مینول طریقہ کار ہے، جس کی وجہ سے بس میں ریمپ کے ذریعے معذور افراد کو سوار کرانے میں وقت لگے گا۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بسوں میں مسافروں کے سہارے کے لیے نصب ہینڈ گرپس ڈھیلے ہیں جبکہ کھڑے ہو کر سفر کرنے والوں کے لیے سپورٹ کالمز بھی کم ہیں۔