• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی آئرلینڈ میں خاتون صحافی کو قتل کرنے والے دونوجوان گرفتار

ڈبلن (این این آئی )شمالی آئرلینڈ میں گولی مار کر خاتون صحافی کو قتل کرنے کے واقعے پردو نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی آئرلینڈ کی پولیس نے کہاکہ 18 اور 19سالہ نوجوانوں کو انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت لنڈن ڈیری سے گرفتار کرکے تفتیش کے لیے بیلفاسٹ منتقل کردیا گیا۔29سالہ صحافی لیرا میکی نیو آئرش ریپلکن آرمی کی پولیس سے جھڑپ کے دوران سر پر گولی لگنے سے ہلاک ہوئی تھیں۔ان کی ساتھی سارا کیننگ نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک بہترین صحافی کو بے رحمانہ طریقے سے قتل کردیا گیا۔شمالی آئرلینڈ کی مرکزی سیاسی جماعت، جو 2 سال سے زائد عرصے سے علاقائی حکومت قائم کرنے میں ناکام رہی ، نے قتل کے واقعے کی مذمت کی ہے۔پولیس سربراہ مارک ہیملٹن کا کہنا تھا کہ ایک مسلح شخص نے شہر کے رہائشی علاقے میں گولی چلائی جس کی وجہ سے میکی زخمی ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ نیو آئرش ری پبلکن آرمی اس سب کے پیچھے ہے اور تفتیش کاروں نے قتل کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔مظاہروں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو اطلاعات ملی تھیں کہ ڈیری کے علاقے ملروئے پارک اور کلیاگاہ میں حملوں کی تیاری کی جارہی ہے، جس پر جمعرات 18 اپریل کی رات پولیس نے مختلف علاقوں میں ممنوعہ ہتھیاروں اور بارودی مواد برآمد کرنے کیلئے سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران پرتشدد ہنگاموں کو آغاز ہوگیا اور پولیس پر 50 سے زائد پیٹرول بم پھینکے گئے جبکہ پولیس کی دو گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا گیا۔
تازہ ترین