• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ تبدیلی کے پیچھے فوج یا کسی ادارے کی خواہش نہیں، شیخ رشید

کراچی(جنگ نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ عمران خان کا ہے اس کے پیچھے فوج یا کسی ادارے کی خواہش نہیں ، سارے میڈیا ہاؤسز فواد چوہدری کیخلاف تھے ورنہ ترجمان وہ بہت زبردست تھے ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میرے خلاف انکوائری شروع ہوئی اور بند ہوگئی لیکن کسی نے مجھے نہیں بلایا، چوہدری نثار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی خبروں کی مذمت کرتی ہوں، انہیں سپورٹ کون کرے گا ان کی جماعت کے پاس تو اکثریت ہی نہیں ، وہ ہمارے ٹکٹ پر منتخب نہیں ہوئے ہم کیوں انہیں سپورٹ کریں گے۔پروگرام میں مزید گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نےکہا کہ پاکستان پارلیمانی نظام کے بغیر نہیں چل سکتا پارلیمانی نظام کو نہ چھیڑا جائے ملک پہلے ہی سنگین خطرات میں گھرا ہوا ہے،اسد عمر کو منانے پر کوئی ناراض ہوتا ہے تو میری صحت پر کوئی فرق نہیں پڑتا، وزیراعظم کے اردگرد ناتجربہ کار لوگ جمع ہوگئے ہیں، عمران خان کی ٹیم کو میچور ہونے میں وقت لگے گا، پی ٹی آئی میں ینگ کراؤڈ آیا ہے اس لئے لڑائی زیادہ ہوتی ہے، پی ٹی آئی اپنے گندے کپڑے گھر کے اندر دھوئے تو ان کے آدھے مسائل حل ہوجائیں، پی ٹی آئی کے لوگ اپنے مسائل کمرے کے اندر حل کرلیں تو اگلی حکومت بھی عمران خان کی ہوگی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف اور آصف زرداری کی ڈکیتیاں رنگے ہاتھوں پکڑیں اس لئے انہیں ڈاکو کہہ رہے ہیں،آصف زرداری کے بطور پبلک آفس ہولڈر کنڈکٹ پر سوالیہ نشان ہے، چوہدری نثار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی خبروں کی مذمت کرتی ہوں، چوہدری نثار ہمارے ٹکٹ پر منتخب نہیں ہوئے ہم کیوں انہیں سپورٹ کریں گے، گھر کا بھیدی ہمیشہ لنکا ڈھاتا ہے، پیپلز پارٹی میں تمام چیزیں صحیح ہوتیں تو ہم پارٹی نہ چھوڑتے۔ شیخ رشید کامزید کہنا تھا کہ اسد عمر محنتی آدمی اور کابینہ کے مہذب وزراء میں سے ایک ہے، ملکی حالات کے پیش نظر اسد عمر جیسے قیمتی آدمی کو واپس لانے کی پوری کوشش کروں گا، اسد عمر کی پی ٹی آئی کیلئے بڑی خدمات ہیں، میری کوشش ہوگی کہ اسد عمر کسی بھی کردار میں ملک کی خدمت کرے، اسد عمر کو منانے کا ٹاسک عمران خان نے نہیں دیا ، اسد عمر کو منانے کی کوشش اپنے طور پر کررہا ہوں کسی کو اس سے خفا نہیں ہونا چاہئے، اسد عمر سے رابطہ میں ہوں دو دن بعد وہ اسلام آباد آرہے ہیں ، امید ہے اسد عمر سے میری ملاقات اچھی رہے گی، عمر ایوب کے پاس دو وزارتیں ہیں کوشش ہوگی کہ اسد عمر اس میں ایک وزارت سنبھال لیں۔شیخ رشید نے کہا کہ حفیظ شیخ کے ساتھ میرے تعلقات بہت ہی اچھے ہیں ہم دونوں بھائیوں کی طرح ہیں، اس ملک میں اچھے لوگ نایاب ہیں اس صورتحال میں اسد عمر کو ملک کی خدمت کرنی چاہئے، عمران خان پارٹی اختلافات کی کوئی پرواہ نہیں کرتا ہے، عمران خان لوگوں کو وارننگ دیتا ہے اگر مسئلہ حل نہیں ہوتا تو فیصلے بھی کردیتا ہے، فواد چوہدری اچھا وزیراطلاعات تھا مجھ سے بہتر کارکردگی دکھارہا تھا، میں نے فواد چوہدری کو ہر جگہ سپورٹ کی، ملک کی بدقسمتی ہے کہ لوگ کچھ عرصہ بعد وزیراطلاعات سے اکتاجاتے ہیں،اس ملک میں کرائم کہیں اور ہوتا ہے مگر وزارت اطلاعات کے گلے پڑجاتا ہے، سارے میڈیا ہاؤسز فواد چوہدری کیخلاف تھے ورنہ ترجمان وہ بہت زبردست تھے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوں، عمران خان کے سامنے غلط اور صحیح میں فرق بتاتا ہوں فیصلہ کرنا اس کا کام ہے، چور نواز شریف ، چور شہباز شریف اور چور آصف زرداری نے ملک کو اس بری طرح لوٹا کہ مہنگائی کا طوفان آگیا، ان کی ڈکیتیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہیں اترسکی چوہدری نثار سے کافی دنوں سے ملاقات نہیں ہوئی ہے، عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں کل کیا ہوتا ہے اللہ بہتر جانتا ہے، عثمان بزدار سے متعلق حالیہ خبروں پر عمران خان سے پوچھا ہے، عمران خان نے جواب دیا بزدار شریف آدمی ہے اس لئے ان کے حوالے سے ایسی خبریں چل رہی ہیں، اس ملک میں مولاجٹ آجائے تو ٹھیک ہے لیکن شریف آدمی قبول نہیں ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی شخص کیخلاف ریفرنس دائر ہوا تو عمران خان اسے ہٹانے میں تاخیر نہیں کرے گا، پرویز خٹک کے مطابق مالا جبہ کیس ٹھیک ہوگیا ہے ، کابینہ میں نئی تبدیلی سے مرزا یوسف بیگ آرام محسوس نہیں کریں گے، صدارتی نظام میں اچھی چیزیں ہیں مگر پاکستان پارلیمانی نظام کے بغیر نہیں چل سکتا کوئی شخص بیوقوفی نہ کرے، اگر کسی نے پارلیمانی نظام کو چھیڑا تو ملک پہلے ہی سنگین خطرات میں گھرا ہوا ہے، ملک حملوں سے نہیں معیشت کی تباہی سے ٹوٹتے ہیں، عمران خان نے اپنے دوست کی قربانی دے کر ایکسپرٹ آدمی کو لاکر معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش کی ہے، ملک کو اسد عمر کی بھی ضرورت ہے انہیں بھی واپس لائیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف کی کبھی بھی تصادم کی پالیسی نہیں رہی ہے، کچھ حالات ایسے پیدا ہوئے جس سے تاثر پیدا ہوا کہ پی ٹی آئی تصادم چاہتی ہے، حکومت کے ساتھ اپوزیشن بھی عوام کے سامنے جوابدہ ہے، عمران خان کی لائن تصادم یا سیاسی عدم استحکام کی نہیں ہے، پی ٹی آئی قیادت نہیں حقائق کسی کو کرپٹ کہہ رہے ہیں، ن لیگ اور پی پی قیادت کو چور ہونے کا سرٹیفکیٹ پی ٹی آئی نے نہیں دیا، دونوں جماعتوں نے مک مکا کر کے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا،کرپشن کے خلاف عمران خان کے ویژن کو ہی آگے بڑھائیں گے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گھر کا بھیدی ہمیشہ لنکا ڈھاتا ہے، پیپلز پارٹی میں تمام چیزیں صحیح ہوتیں تو ہم پارٹی نہ چھوڑتے، پیپلز پارٹی کا جیالا بھٹو ازم کے ساتھ کھڑا تھا، جب بھٹو ازم ذاتی اور کاروباری مفادات سے جڑ گیا تو پنجاب میں پیپلز پارٹی کا صفایا ہوگیا، آصف زرداری کے بطور پبلک آفس ہولڈر کنڈکٹ پر سوالیہ نشان ہے، عمران خان چوروں ڈکیتوں کے سامنے کھڑے ہیں میں ان کے ساتھ ہوں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ون مین شو کی قائل نہیں ٹیم ورک پر یقین رکھتی ہوں، یوسف بیگ مرزا کچھ معاملات دیکھتے ہیں تو کوئی حرج نہیں ہے، نیب کو سات سال بعد یوسف بیگ مرزا کیخلاف انکوائری کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی، میرے خلاف انکوائری شروع ہوئی اور بند ہوگئی لیکن کسی نے مجھے نہیں بلایا۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی خبروں کی مذمت کرتی ہوں، وزیراعظم نے میٹنگ میں دونوں وزرائے اعلیٰ سے متعلق واضح موقف دیا، چوہدری نثار کو سپورٹ کون کرے گا ان کی جماعت کے پاس تو اکثریت ہی نہیں ہے، چوہدری نثار ہمارے ٹکٹ پر منتخب نہیں ہوئے ہم کیوں انہیں سپورٹ کریں گے۔

تازہ ترین