• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی اکاؤنٹس کیس، نوڈیرو ہاؤس کے گرفتار ملازم کا ریمانڈ

سکھر کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزم ندیم بھٹو کا 5 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔

اس سے قبل نوڈیرو لاڑکانہ کے ملازم ندیم بھٹو کو سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا، ملزم پرجعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کروڑوں روپے کی رقم وصول کرنے کا الزام ہے۔

ملزم کو آج ہی قومی ایئر لائن کی پرواز سے اسلا م آباد منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب جعلی اکاؤنٹس کیس کے ایک اور ملزم ابوبکر زرداری نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔

ابوبکرزرداری کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب کو پیشی کے دوران گرفتاری سے روکا جائے۔

واضح رہے کہ نیب سکھر کی ٹیم نے لاڑکانہ کے علاقے نوڈیرو کے پبلک پارک محلے میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر نو ڈیرو ہائوس کے ملازم ندیم بھٹو کو گرفتار کیا تھا اور مزید تفتیش کے لیے سکھر منتقل کیا تھا۔

نیب ذرائع کے مطابق گرفتار ندیم بھٹو نے جعلی بینک اکائونٹ سے بڑی رقم نکلوائی ہے اور نو ڈیرو ہائوس کے ملازمین کو تنخواہ بھی دی گئی ہے۔

تازہ ترین