دو روز قبل پشاور کے نواحی علاقے ماشوخیل کے مرکزِ صحت میں توڑ پھوڑ کرنے اور آگ لگانے کے الزام میں مزید 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار افراد کے قبضے سے 2 عدد کلاشنکوفیں اور پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی نشاندہی ویڈیو کی مدد سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 9 افراد کو گرفتار کرلیا ۔
گرفتار افراد پر 2 روز قبل پولیو مہم کو سبوتاژ کرنے اور طیش میں آکر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
پولیس کے مطابق نجی سارے عمل میں مرکزی کردار ادا کرنے والا اسکول کا پرنسپل تاحال روپوش ہے۔
حکام کے مطابق ایک ملزم کو اس سے قبل وقوعے کی رات کو ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔
ایس پی صدر سرکل صاحبزادہ سجاد کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیموں کو مزید اضافی سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔