• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا پر کسی صوبائی وزیر کو ہٹانے کا نہیں کہا، شوکت یوسفزئی

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ میڈیا پر کسی صوبائی وزیر کو ہٹانے کے بارے میں نام نہیں دیا جب کہ صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر نے بھی کابینہ سے وزراء کو نکالنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔

ایک بیان میں وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ  کسی صوبائی وزیر کو ہٹانے کے بارے میں نام نہیں دیا، بعض میڈیا نے میرے حوالے سے صوبائی وزراء کو ہٹانے کی خبردی جس کی تردید کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ شہرام ترکئی، عاطف خان، ہشام خان، ضیاء اللہ بنگش اور محب اللہ سمیت کسی وزیر کا نام نہیں لیا۔ میڈیا کے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ وفاقی اور صوبے میں ایک ہی پارٹی کی حکومت ہے، اگر وفاقی کابینہ میں تبدیلی آسکتی ہے تو کارکردگی کی بنیاد پر کے پی کابینہ میں بھی تبدیلی آ سکتی ہے۔

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ کابینہ میں ردوبدل کا اختیار صرف وزیر اعلیٰ کے پاس ہے، وزیر اعلیٰ سب کی کارکردگی سے با خبر ہیں، کابینہ میں ردوبدل میرٹ کی بنیاد پر ہوگا، عمران خان کے وژن کے مطابق کارکردگی دکھانے والا کابینہ میں رہے گا۔

دوسری جانب کے پی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ میں کسی قسم کی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،صوبائی کابینہ سے وزراءکے نکالے جانے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، اجمل وزیر نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کے بغیر میڈیا وزراءکا ٹرائل نہ کرے۔

تازہ ترین