• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی، عورت ہونا گالی نہیں، اپوزیشن خواتین ارکان کا وزیراعظم کیخلاف شدید احتجاج

اسلام آباد( آ ئی این پی ) قو می اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی خواتین اراکین نے وزیر اعظم کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو صاحبہ کہنے پر شدید احتجا ج کیا اور اس بیان کو خواتین کی تذلیل قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم سے ایوان میں آکر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا،اپوزیشن خواتین ارکان نےا سپیکر ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑدیں‘گو عمران گو،گو نیازی گو کے نعرے لگائے۔پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاکہ عورت ہونا گالی نہیں‘ وزیراعظم الفاظ واپس نہیں لیں گے تو پھر ہم یہ کہنے پر مجبورہوں گےکہ وہ ہمارے وزیراعظم نہیں ہیں،وزیراعظم ایوان میں آ کر معافی مانگیں اگر وہ نہیں آئیں گے تو ایوان سے وانا تک گو عمران گو کی آوازگونجےگی،عمران خان نے اپنی آدھی عمر کے نوجوان سیاست دان کو صاحبہ کہا، صاحبہ کا لفظ استعمال کرنے پرخواتین کی تذلیل ہوئی، یہ قوم کی ثقافتی اور اخلاقی قدروں کی پامالی اور وزارت عظمیٰ کے عہدے کی تذلیل ہے‘شدید احتجاج کے باعث ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اجلاس جمعہ دن ساڑھے10بجے تک ملتوی کر دیا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت شروع ہوا ۔ وقفہ سوالات کے بعد جب ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس کی صدارت شروع کی اور ایجنڈے پر کاروائی بڑھانا شروع کی تو اپوزیشن خواتین اراکین نے مطالبہ کیا کہ ان کو بات کرنے کا موقع دیا جائے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ ایجنڈا مکمل ہونے کے بعد بات کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

تازہ ترین