پشاور(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی حاجی فضل الہیٰ کی زخمیوں کو انجکشن لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں وہ ٹریفک حادثہ کے ایک زخمی کو انجکشن لگا رہے ہیں ۔ گزشتہ روز پشاور کے علاقہ رحمان بابا قبرستان روڈ پر موٹر سائیکل اور رکشہ میں تصادم کے نتیجہ میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے تھے، جائے حادثہ پر 1122کی ٹیم زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف تھی کہ اس دوران علاقہ کے ایم پی اے حاجی فضل الہیٰ اسی راستہ سے گھر جا رہے تھے جب انہوں نے 1122کی گاڑی اور زخمیوں کو دیکھا تو فوری طور پر اپنی گاڑی روک کر زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں1122ٹیم کی مدد شروع کردی ، تحریک انصاف کے ایم پی اے نے ایک زخمی کو انجکشن بھی لگایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، اس سلسلے میں حاجی فضل الہی نے’’ جنگ‘‘ کو بتایا کہ انہوں نے 1992میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور سے باقاعدہ ڈسپنسر کا کورس کیا ہے اس لئے جائے حادثہ پر 1122کی ٹیم دوسرے زخمیوں کو طبی امداد دے رہی تو اس نے ایک زخمی کو انجکشن لگایا۔