بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا ہے کہ والد کے ساتھ فلم میں کام کرنا آسان نہیں ہے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق عالیہ بھٹ نے حال ہی میں اپنے والد اور بالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار مہیش بھٹ کے ساتھ فلم ’سڑک2‘ سائن کی ہے، جس کے بارے میں بات کرتے ہوئے عالیہ نے کہا ہے کہ ’میں مہیش بھٹ کو بحیثیت والد جانتی ہوں لہٰذا بطور ہدایت کار مہیش بھٹ کے ساتھ کام کرنا آسان نہیں ہوگا۔‘
عالیہ نے مزیدکہا ہے کہ اس مرتبہ بالی ووڈ کےمعروف اداکار سنجے دت عرف سنجو بابا نے مہیش بھٹ کو ’سڑک2‘ بنانے کے لیے قائل کیا ہے اور مہیش بھٹ 20سال بعد دوبارہ اس فلم کے ذریعے سے ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھیں گے۔
واضح رہے کہ سڑک 2مہیش بھٹ کی پرانی فلم سڑک کا سیکوئل ہے جس کو دوبارہ مہیش بھٹ 28سال بعد ہدایت کاری کرتے نظر آئیں گے۔ فلم میں سنجے دت ، پوجا بھٹ ،عالیہ بھٹ اور ادتیا رائے کپور مرکزی کردار ادا کریں گے۔
اس سے قبل فلم سڑک میں اداکار سنجے دت اور مہیش بھٹ کی بڑی صاحبزادی پوجا بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
فلم سڑک2 اگلے برس 25مارچ کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔