بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ، اُن کی اہلیہ گوری خان اور چھوٹا بیٹا ابراہم ووٹ ڈالنے جارہے ہیں۔ اس پر لوگوں نے سوال کیا کہ آپ ابراہم کو کیوں ساتھ لے کر گئے؟
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر سپر اسٹار شاہ رخ خان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر پر مداحوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے لکھا کہ ’’وہ ابراہم کو ’بوٹنگ اور ووٹنگ‘ میں فرق بتانے کے لیے اپنے ساتھ پولنگ اسٹیشن لے کر گئے۔ ‘‘
شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ کیونکہ ابراہم ہمیشہ ان دو لفظوں میں بہت پریشان نظر آتا ہے اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ ابراہم کو ساتھ لے جاکر انہیں اس کا فرق بتا ئیں۔
اس کے علاوہ کنگ خان نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جو کہ مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کی جارہی ہے، اس ویڈیو میں شاہ رخ خان کے ہاتھ میں ایک کافی کا کپ موجود ہے اور کافی کے اُوپر اُن کی تصویر بنی ہوئی ہے۔
ویڈیو کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’’دبئی میں کالیان جیولرز کے ساتھ کافی ، براہ مہربانی میری کافی میں میٹھا (شکر) نہیں۔۔ میں صرف خود کو چاٹنا(lick) چاہتا ہوں۔ ‘‘
دوسری جانب شاہ رخ خان نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ اگلے دو تین مہینوں میں کوئی فلم سائن کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں بلکہ اس وقت وہ اپنا زیادہ سے زیادہ ٹائم صرف فلمیں دیکھنے، فلموں کے اسکرپٹ پڑھنے اور کتابیں پڑھنے کے لیے نکالنے چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کے بچے تقریباً اپنا کالج ختم کرچکے ہیں، وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب تک 15 سے 20 فلموں کے اسکرپٹ پڑھ چکے ہیں، جس میں سے دو تین اُن کو پسند بھی آئے ہیں لیکن ابھی تک انہوں نے یہ فیصلہ نہیں کیاکہ وہ کون سی فلم سائن کریں گے۔
فلم زیرو کی ناکامی کے بعداُن کا کہنا ہے کہ وہ اگلی مرتبہ کم نقصان پہنچانی والے پروجیکٹ کا انتخاب کریں گے۔