پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس محمد ایوب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پندرہ کلوگرام چرس سمگلنگ کے الزام میں قید بامشقت کی سزا پانے والے ملزم کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسے بری کردیا۔ ملزم کی جانب سے کیس کی پیروی صاحبزادہ ریاضت الحق ایڈووکیٹ نے کی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم عالم شیر پر الزام تھا کہ اس نے پولیس سٹیشن چمکنی کی حدود میں 15کلوگرام چرس سمگل کرنے کی کوشش کی تھی جس کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو 12 اکتوبر 2013 کو گرفتار کیا جس کے بعد ماتحت عدالت نے ملزم کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کے موکل پر لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے کیونکہ پولیس کہ جانب سے پیش کئے گئے شواہد میں بھی کافی تضاد ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ماتحت عدالت نے بھی بہت سی اہم چیزیں نظر انداز کی ہیں۔ دوسری جانب سرکار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے اور اس کی اپیل خارج کی جائے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ملزم کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسے بری کردیا۔