بالی ووڈ کی نئی اداکارہ اننیا پانڈے نےبالی ووڈ کے دلکش اداکار کارتیک آریان سے اپنی محبت کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے جذبات کا بر ملا اظہار کردیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ چند مہینوں سے اداکار کارتیک آریان اور اننیا پانڈےکے حوالے سے بیشتر افواہیں گردش کر رہی تھیں جن کا اننیا نے آخر کار جواب دے ہی دیا۔ اننیا نے ایک انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کارتیک آریان کو بے حد پسند کرتی ہیں۔
اننیا نے انٹرویو میں مزید بتایا ہے کہ ’میں اس وقت 20 سال کی ہوں اور اس عمر میں کسی کو پسند کرنا فطری عمل ہے اور ہاں کارتیک مجھے اچھا لگتا ہے اور میں بہت خوش نصیب ہوں کہ مجھے کارتیک کے ساتھ ایک فلم میں کام کرنے کا موقع بھی ملا ہے۔‘
اننیا پانڈے بالی ووڈ کی وہ پہلی اداکارہ نہیں ہیں جنہیں کارتیک آریان اچھے لگتے ہیں بلکہ اس سے قبل اداکارہ سارا علی خان بھی ایک انٹرویو میں کارتیک آریان کے لئے اپنی چاہت کا اظہار کر چکی ہیں۔
اداکارہ سارا علی خان کا کارتیک آریان کے لیے محبت کے اعتراف پر اننیا کا کہنا تھا کہ ’اگر سارا اور کارتیک ایک ساتھ ڈنر پر جائیں گےتو میں ان کے ساتھ جانا چاہوں گی۔‘
واضح رہے کہ اننیا پانڈے بالی ووڈ کے مشہور اداکار چنکی پانڈے کی صاحب زادی ہیں جو کہ بہت جلد ہدایت کار کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر 2‘ میں ڈیبیو کرتی نظر آئیں گی۔ فلم میں ان کے ساتھ اداکار ٹائیگر شروف اور تارا سوتاریا بھی مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
اس کے علاوہ اننیا پانڈے کارتیک آریان کے ساتھ فلم ’پتی پتنی اور وہ‘ بھی سائن کر چکی ہیں، جس میں ان کے ساتھ بالی ووڈ اداکارہ بھومی پڈنیکر بھی اداکاری کریں گی۔