پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نانبائی کی دکان میں سلنڈر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 21 افراد جھلس گئے، زخمیوں کو حیات آباد برن سینٹر منتقل کیا گیا ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دیر کالونی میں نانبائی کی دکان میں گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے وہاں موجود افراد جھلس گئے جن میں بچے بھی میں شامل ہیں۔
زخمیو ں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، ڈائریکٹر لیڈی ریڈنگ اسپتال ڈاکٹر خالد مسعود کے مطابق 21 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا جہاں ایک زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ 20 زخمیوں کو حیات آباد برن سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان نے دکان میں سلنڈر دھماکے کا نوٹس لے لیا اور سیکریٹری ہیلتھ اور ڈپٹی کمشنر کو زخمیوں کے علاج معالجے کی نگرانی کی ہدایت کر دی۔
وزیرا علیٰ نے کہا ہے کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی، وزیرا علی محمود خان نے تمام کمشنرز سے ایسے مقامات پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔