بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ اکثر اپنی شادی کی خبروں کے حوالے سے میڈیا کی زینت بنے ہوتے ہیں، آج کل بھی ان سے متعلق یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ وہ لیک کومو میں شادی کی پلاننگ کر رہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ سے متعلق یہ خبریں پھیلی ہوئی ہیں کہ وہ بھی دیپکا اور رنویر کی طرح اٹلی کے خوبصورت ترین مقام ’لیک کومو‘ میں شادی کی پلاننگ کررہے ہیں۔
تاہم عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رزدان کااس حوالے سے کہنا ہے کہ عالیہ اور رنبیر کی شادی سے متعلق تمام خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں، دونوں نے اب تک اس بات کا فیصلہ نہیں کیا ہے کہ وہ کہاں اور کب شادی کریں گے۔
سونی رزدان نے مزید بتایا کہ عالیہ اور رنبیر کی لیک کومو میں شادی کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی ہے جبکہ یہ صرف اور صرف بے بنیاد افواہیں ہیں اور کچھ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عالیہ اور رنبیر آج کل جرمنی میں موجود ہیں، جہاں اُن کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’براہمسترا‘ کی شوٹنگ جاری ہے۔
عالیہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ اس سال کے آغاز سے ہی عالیہ اور رنبیر کی شادی سے متعلق کوئی نا کوئی خبر میڈیا کلی زینت بنی ہوتی ہے جبکہ یہ بھی سننے میں آرہا ہے کہ ان کی شادی اسی سال یعنی2019 میں ہوجائے گی، اس حوالے سے سونی رزدان نے کہا کہ انہیں مداحوں کا عالیہ اور رنبیر کے بارے میں سوال پوچھنا اچھا لگتا ہے وہ پوچھ سکتے ہیں لیکن میں عالیہ کی ماں ہوں اور میںاپنی بیٹی کی نجی زندگی کے بارے میں بالکل بات نہیں کرنا چاہتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی بیٹی کو خوش دیکھنا چاہتی ہوں اور وہ جو بھی کرتی ہیں میری دعائیں اور پیار ہمیشہ اُن کے ساتھ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ میں یہ بھی چاہتی ہوں کہ وہ اپنی زندگی اپنی مرضی سےگزارے۔
دو روز قبل فلم ساز آیان مکھرجی کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں وہ اور رنبیر کپور فلم کے کسی سین کی پریکٹس کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ عالیہ اپنے فون سے دونوں کی ویڈیو بنانے میں مصروف ہیں۔