پشاور(کرائم رپورٹر) ایس پی سٹی شفیع اللہ گنڈاپور نے گزشتہ روز شہر کے مختلف بازاروں اور مصروف تجارتی مراکز کا تفصیلی دورہ کیا ہے، اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی ون گوہر خان اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، ایس پی سٹی نے قصہ خوانی بازار، کوہاٹی چوک، اندر شہر، صرافہ مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر شہر کے مختلف بازاروں کے صدور اور تاجر راہنماوں نے ایس پی سٹی اور دیگر پولیس افسران کا والہانہ استقبال کیا، تاجر راہنماوں نے شہر کی سکیورٹی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بات چیت کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر ایس پی سٹی شفیع اللہ گنڈاپور نے خریداری کے لئے آنے والے شہریوں سے بھی بات چیت کی اور ان سے مختلف امور پر رائے طلب کی، شہریوں کی ایک کثیر تعداد نے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف کامیاب کریک ڈاون پر ایس پی سٹی کو مبارکباد پیش کی، ایس پی سٹی شفیع اللہ گنڈاپور نے واضح کیا کہ پشاور میں امن قائم کرنے کی خاطر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ تاجر برادری اور شہریوں نے بھی قربانیاں دی ہیں، انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی پشاور کے تاجروں اور عوام نے پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر کام کیا ہے، انہوں نے تاجر برادری اور عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ منشیات اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بھی پولیس کا ساتھ دے کر اپنا قومی فریضہ ادا کرتے ہوئے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیںتاجروں اور موقع پر موجود مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے یک زبان ہو کر شہر سے منشیات کے خاتمہ اور سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے اور پولیس کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کا عزم ظاہر کیا۔