اسلام آباد (طارق بٹ) پارلیمانی کمیٹی نے کراچی-لاہور-پشاور ریل ٹریک کی تعمیر اور توسیع کے حوالے سے پاکستان کے چین کے ساتھ کئے گئے معاہدے کی تفصیلات طلب کرلیں۔ مسلم لیگ نون کے قانون ساز معین وٹو کی سربراہی میں ریلویز پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس 17 اور 20 مئی کو ہوگا جس میں بڑے ایجنڈے پر بات چیت کی جائے گی۔ گزشتہ ماہ پاکستان اور چین نے موجودہ کراچی-لاہور-پشاور (ایم ایل 1 ) ریلوے ٹریک کی تعمیر نو اور توسیع کیلئے معاہدہ کیا تھا۔ یہ معاہدہ وزیر ریلوے شیخ رشید اور پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ کے درمیان بیجنگ میں ہوا۔ پہلے اجلاس میں موجودہ حکومت کے پہلے 6 ماہ میں پاکستان ریلویز کی مالی صورتحال، نئی متعارف کرائی گئی مسافر ٹرین کی لاگت اور منافع کا تناسب اور نئی ٹرینیں لانے کیلئے فیزیبلٹی اسٹڈیز کے ضابطہ کار پر گفتگو کی جائے گی اور اور ریلویز کے اہداف اور خسارے پر بریفنگ لی جائے گی۔