• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’شاہ صاحب جنوبی پنجاب کے نام پر بیوقوف بنانا بند کریں‘

سابق وزیر داخلہ اور اپوزیشن جماعت ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی صرف نقل کی سیاست کرسکتی ہے ۔

شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل میں احسن اقبال نے کہا کہ شاہ صاحب لوگوں کو جنوبی پنجاب کے نام پر بیوقوف بنانا بند کریں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ بہاولپور اورجنوبی پنجاب صوبوں کےقیام کا بل قومی اسمبلی میں جمع کراچکی ہے، بل کی مخالفت پی ٹی آئی کے وزیر اور پارلیمانی سیکریٹری نے کی۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ اسمبلی ریکارڈ پر موجود ہے کس نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کی ترجمانی کی،پارلیمنٹ اور عوام سے جو وعدہ کیا وہ صرف ن لیگ کو نبھانا آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا بل پہلے ہی اسٹینڈنگ کمیٹی میں موجود ہے، شاہ صاحب حکومتی نمائندوں سے کہیں کہ بل پر فوری طور پر پیشرفت شروع کریں۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے آپ نے 100 دنوں میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا،آپ جنوبی پنجاب کے مظلوم لوگوں کے حقوق پر سیاست کرنا بند کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے ہمارے بل پر بھی شاہ صاحب اپنا نام لکھنے پر تلے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین