• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی گورننگ بورڈ ممبرز کی اکثریت نے ایم ڈی کو تسلیم کرلیا

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اپنے زیادہ تر کرکٹ سے وابستہ اختیارات ایم ڈی وسیم خان کے سپرد کردیئے ہیں۔ کوئٹہ کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے بعد یہ معاملہ التوا ء کا شکار ہوگیا تھا۔ پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے دس میں سے چھ اکثریتی اراکین سے سرکو لیشن ریزولوشن کے ذریعےایم ڈی کی حیثیت کو بھی تسلیم کر لیا ہے۔ کوئٹہ میٹنگ میں اکثر اراکین نے ایم ڈی کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے اب وسیم خان زیادہ تر کرکٹ فیصلے خود کرسکیں گے۔ جس میں کپتان ،کوچز ،سلیکٹرز اور دیگر اہم تقرریاں شامل ہیں۔2014میں بورڈ آف گورنرز نے اختیارات نجم سیٹھی کو چیئرمین ایگزیکٹیو بورڈ کی حیثیت سے دیئے تھے۔ بی او جی کے پاس اختیارات منتقل کرنے کا آئینی حق ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ بورڈ آف گورنرز اجلاس میں سرکو لیشن ریزولوشن کے ذریعے لئے گئے فیصلوں کی توثیق کرانا لازمی ہوگی۔ عدالتی معاملات الجھے ہوئے اورتنازعات میں گھرے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے گورننگ بورڈ اجلاس طلب کرنےکے بجائے بورڈ آف گورنرز کے اکثریتی اراکین سے سرکو لیشن ریزولوشن کے ذریعے اہم فیصلوں کی منظوری حاصل کر لی۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب دو ہفتے بر طانیہ میں گذارنے کے بعد منگل کو چیئرمین احسان مانی نے آفس جوائن کیا اور بدھ کو ایم ڈی وسیم خان نے بھی دو ہفتے بعد اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔ بدھ کو رات گئے پی سی بی نے اعلان کیا کہ گورننگ بورڈ نے دو ہزار سترہ اٹھارہ کے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس کی منظوری دے دی ہے۔ گورننگ بورڈ نے سرمایہ کاری کی پالیسی کی بھی منظوری دی ہے۔ منظوری دینے والے اراکین میں احسان مانی اسد علی خان لیفٹنٹ جنرل مزمل حسین ،کبیر احمد خان ۔ایاز بٹ اور شاہ ریز روکڑی بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین