• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی پارلیمنٹ کے الیکشن، تحریک حق خودارادیت نے کشمیر دوست امیدواروں کی کامیابی کیلئے مہم شروع کردی

بریڈ فورڈ(محمدرجاسب مغل) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران نے برطانیہ بھر میں یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات میں کشمیر دوست امیدواروں کوکامیاب کرانے کے لئے بھرپور مہم شروع کردی ہے۔ سابق ممبران یورپی پارلیمنٹ اور برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی موجودگی میں شہر شہر جاکر کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کو 23مئی کو یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات کے لئے متحرک کیاجارہا ہے۔ بریڈ فورڈ میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کا سردار عبدالرحمن خان کی صدارت میں ہونے والے مشاورتی اجلاس جس میں کنزریٹو پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ امجد بشیر مہمان خصوصی تھے کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں جن میں لیبر پارٹی بریڈ فورڈ ایسٹ کے چیئرمین سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق، کنزرویٹو پارٹی ایسٹ کے چیئرمین راجہ سخاوت حسین، پیپلزپارٹی بریڈ فورڈ کے صدر آصف نشیم راٹھور، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان آصف خان، راجہ اکمل عزیز، ہیری بوٹا اور چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ 23مئی کو ہونے والے یورپی الیکشن میں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر دوست ممبران کو کامیاب کرانے کے لئے ہمیں بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔ اجلاس میں اس حوالے سے حکمت عملی بھی طے کی گئی، اجلاس میں بتایا گیا کہ تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، سرپرست سردار عبدالرحمن خان، سیکرٹری جنرل محمداعظم، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلریاسمین ڈار، وائس چیئرمین برطانیہ امجد حسین مغل، ڈائریکٹر انتظامیہ ہیری بوٹا، نارتھ انگلینڈ کی چیئرپرسن نائلہ شریف، گریٹر مانچسٹر کی چیئرپرسن روبینہ خان، یارکشائر کے چیئرمین طارق بٹ، ایسٹ مڈلینڈ سے کونسلر نگہت خان، ویسٹ مڈلینڈ سے ڈاکٹر صبور جاوید، لیوٹن سے راجہ محمد اعظم خان، سائوتھ آف انگلینڈ کے چیئرمین عبدالوہاب قادری، لندن ریجن کی چیئرپرسن شاہدہ جرال، صبیحہ شہزاد، نائلہ خان فوزیہ تنویر ،روبینہ خان، کونسلر اصغر قریشی، کونسلر صبیحہ خان، سابق لارڈ میئر غضنفر خالق اور دیگر رہنمابرطانیہ کی مختلف پارٹی کے رہنمائوں سے رابطے کررہے ہیں تاکہ انہیں کمیونٹی لیڈروں اور عوام سے ملاقاتیں کروا کر ان کے لئے ووٹ مانگے جاسکیں۔ تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہاکہ برٹش کشمیریوں اور پاکستانیوں کو اس موقع پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا اور ایسے تمام امیدواروں کو انتخابی مہم میں شریک ہوکر حق ادا کرنا چاہئے جنہوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرماضی میں آواز بلند کی اور آئندہ بھی انہیں مقبوضہ کشمیر کے تازہ ترین حالات سے آگاہ کرکے انہیں مقامی اوریورپی حکومتوں سے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیناہوگا۔ انہوں نے کونسلروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اپنی وارڈ میں جہاں ووٹروں کو متحرک کریں وہیں بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیری لیڈروں کی گرفتاریوں مقبوضہ کشمیر میں تلاشی کے نام پر کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے اور کنٹرول لائن پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں کانوٹس لینے کابھی مطالبہ کریں۔ راجہ نجابت حسین نے تحریکی عہدیداروں اور کشمیری تنظیموں پر زور دیا کہ اگلے دس دنوں میں ہر شہر میں تقریبات منعقد کرکے یورپی امیدواروں سے حمایت حاصل کریں اور مقامی کمیونٹی پر زور دیں کہ وہ مین سٹریم پارٹیوں کے امیدواروں کو ووٹ دیں اور تمام انتہا پسند پارٹیوں اور امیدواروں کومسترد کرکے موزوں امیدواروں کو کامیاب کرائیں۔ تحریک کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم، کونسلر یاسمین ڈار نے لیبر پارٹی اور امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ جیرمی کوربن کے وژن کے مطابق برطانیہ بھر میں مہم تیز کردیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لیبر ممبران یورپی پارلیمنٹ منتخب کرائے جاسکیں۔ جبکہ کنزرویٹو پارٹی کے فرینڈ آف کشمیر کے ڈپٹی چیئرمین ہیری بوٹا اور سیکرٹری پامیلا اشرف نے ٹوری ممبران سےمطالبہ کیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ حکومتی ممبران پارلیمنٹ سے رابطے قائم کرکے برٹش کشمیریوں کے جذبات سے آگاہ کرکے عوام کو ووٹ ڈالنے پر قائل کریں تاکہ نئی یورپی پارلیمنٹ میں برٹش نمائندے برطانیہ کی موثر نمائندگی کرسکیں۔ تحریک کے عہدیداروں نے اس موقع پر جہاں یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کے عہدیداروں انتھیا میکنٹائر رچرڈ کوربٹ، جولی وارڈ، جان پراکٹر، ٹریسا گرفن ،ڈیوڈ مارٹن، ایشلے فوکس، ریما میکلا رکن، ڈینیل ہسننان اور کارڈ موریس کو کامیاب کروائیں، مسلمان امیدواروں ڈاکٹر سجاد کریم، واجد خان، امجد بشیر، سید کمال، بیرونس نوشینہ مبارک کوبھی اپنے اپنے حلقے میں کامیاب کرکے کشمیر دوست ارکان کےکام کے تسلسل کو جاری رکھ سکیں۔

تازہ ترین