• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم کمیونٹی کا آسٹریا کی ترقی میں اہم کردار ہے، مائیکل لدوگ

ویانا (اکرم باجوہ) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی آسٹریا بھر میں حکومتی اور سماجی و سیاسی سطح پر مسلم کمیونٹی کے اعزاز میں افطار پارٹیوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے اور مسلم کمیونٹی کی جانب سے بھی آسٹرین حکومت اور سماجی و سیاسی اور مذہبی تنظیموں کو افطار پارٹیوں میں خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کے مئیر ڈاکٹر مائیکل لُدوگ کی جانب سے مسلم کمیونٹی کی مذہبی تنظیموں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام میونسپل کونسل ویانا کے مقامی ہال میں کیا گیا۔ یاد رہے کہ ویانا کے میئر کی جانب سے ہر سال مسلم کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ افطار ڈنر تقریب میں حکومتی نمائندگان اور مسلم کمیونٹی کی مذہبی تنظیموں اور اسلامی نظریاتی کونسل آسٹریا کے صدر کے علاوہ سماجی اور رفاہی تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی اور پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے ویانا میں پہلی مذہبی درس گاہ مسجد البلال ویانا، نور اسلامک سینٹر ویانا، منہاج القرآن سینٹر ویانا و دیگر کے نمائندگان نے شرکت کی۔ میئر ڈاکٹر مائیکل لُدوگ نے اپنے مختصر خطاب میں مسلم کمیونٹی کو رمضان کی آمد کی مبارک باد دی اور افطار ڈنر میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آسٹریا کی ترقی میں مسلم کمیونٹی کا کردار بہت اہم ہے جس پر آسٹرین حکومت مسلم کمیونٹی کی بے حد مشکور ہے۔ مسلم کمیونٹی کے نمائندگان نے میئر ڈاکٹر مائیکل لُدوگ کا اُن کے اعزاز میں افطار ڈنر کا انعقاد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین