• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہرمیں ڈاکو راج ، کراچی پولیس کے دعوے دھرے کےدھرےرہ گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہرمیں ڈاکو راج ، پولیس بے بس کراچی پولیس چیف کے دعوے دھرے کےدھرےرہ گئے، مختلف علاقوں میں جمعرات کو بھی ڈاکوؤں نےمزاحمت پر فائرنگ کر کے 2 شہریوں کو زخمی کر دیا اور بآسانی فرار ہوگئے،جبکہ نیو کراچی، بفرزون، لانڈھی، مبینہ ٹاؤن اور سی ویو پر مسلح ملزمان نے خاتون سمیت دیگر افرادسے اسلحے کے زورپر نقدی،موبائل فونز ودیگر سامان سے محروم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر فائیو ڈی میں ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے 20 سالہ محمد اویس ولد شہاب کو زخمی کردیا اوراس سے نقدی اور موبائل فون چھین کرفرار ہو گئے۔ کھوکھرا پارتھانے کی حدودملیرماڈل کالونی ریلوے لائن کے قریب موٹر سائیکل سوارملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 37 سالہ افضل کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ نیو کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر فائیو ڈی کی ایک گلی میں بیٹھے نوجوان کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا گیا،موٹر سائیکل سوار ملزم کو نوجوان کی پرسکون انداز میں تلاشی لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تیموریہ کے علاقے بفرزون میں موٹر سائیکل پر سوار 3 ملزمان نے نوجوان سے موبائل فون اور نقدی چھین لی سی سی ٹی وی میں ملزمان کو باآسانی شناخت کیا جا سکتا ہے۔ مبینہ ٹاون تھانے کی حدود گلشن اقبال میٹروول تھرڈ میں موٹرسائیکل سوار2ملزمان نے گلی میں پیدل جانے والی خاتون سے اسلحے کے زور پر قیمتی موبائل فون ، نقد رقم اور دیگر سامان چھین لیا اور فرا ر ہوگئے۔ واضح رہے کہ بدھ کو بھی ساحل تھانے کی حدود سی ویو کے علاقے دو دریا کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 ڈاکو اسلحے کے زور پر نصف درجن سے زائد شہریوں کو سر راہ یرغمال بنا کر نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے تھے ۔
تازہ ترین