• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرا مشن پاکستان سے غربت مٹانا ہے جس میں تاجر برادری میرا ساتھ دے۔

گورنر ہائوس کراچی میں وزیراعظم عمران خان نے ایف پی سی سی آئی اور تاجربرادری کے وفد سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ موجودہ حکومت سب سے زیادہ تاجر اور سرمایہ کار دوست حکومت جانی جائے،میرا مشن پاکستان سےغربت مٹانا ہے جس میں تاجر برادری میرا ساتھ دے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں نے معیشت کو کرپشن سے تباہ کر دیا،ہمیں ایک خستہ حال معیشت ملی، میں چوروں کو نہیں چھوڑ سکتا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اس وقت حکومت کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک میں ماہرین تعینات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری سے التماس ہے کہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں،چاہتے ہیں نجی شعبہ معیشت کے استحکام میں کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں تعاون کرے گی،کاروبار میں سہولت، ایف بی آر کی اصلاحات اور تجارت کے لئے سازگار ماحول ترجیحات ہیں۔

ملاقات میں کاروباری برادری نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ معاشی استحکام اور اقتصادی اہداف کے حصول کے لئے تجاویز پیش کیں۔

اس سے قبل وزیراعظم سے ایکسپو 2020ء تھیم کمیٹی کے ارکین نے ملاقات کی،ایکسپو 2020ء دبئی میں منعقدکی جارہی ہے، جس میں 190کےقریب ممالک شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم کو ایکسپو کی تیاریوں اور مختلف شعبوں کےدرمیان رابطوں سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں اور صلاحیتیوں سے نوازا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ معیشت کےساتھ ملک میں سیاحت کے بھرپور مواقع موجود ہیں،ایکسپو پاکستانی مصنوعات اورسیاحت میں آئیڈیل پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر آگاہی کا فقدان ہے،صلاحیتوں اور مختلف شعبوں میں مہارت کو بین الاقوامی سطح پراجاگر کیا جائے۔

تازہ ترین