• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’وزیر اعظم نے صوبہ نہ بنانے کا ٹکا سا جواب دیا‘‘

سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستارکا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی سندھ صوبہ نہ بنانے کا شہریوں کو ٹکا سا جواب دیا ہے۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جنوبی صوبہ سندھ نہ بنانے کا ٹکا سا جواب ایم کیو ایم پاکستان کو منظور ہو سکتا ہے لیکن ہم اس حوالے سے عمران خان سے ایک ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں دو صوبے اور مزید انتظامی یونٹ بننے چاہئیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اور رکن قومی اسمبلی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان جلد سندھ اسمبلی میں جنوبی صوبے سندھ کے قیام کے لئے بل پیش کرے گی۔

وزیر اعظم کے بیان پر رہنما ایم کیو ایم فیصل سبزواری نے کہا کہ عمران خان صاحب کی اپنی رائے ہے ہماری اپنی سوچ ہے، عمران خان خود اس بات کا ذکر کرچکے ہیں کہ کراچی کو جو فنڈ ملے وہ درست استعمال نہیں ہوئے،اس لئے کراچی والوں کا مطالبہ جائز ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت سندھ کی ترقی کیلئے بھرپور تعاون کریگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جو نیا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں اس کے بعد سندھ میں کسی تقسیم کی ضرورت نہیں رہے گی اور تحریک انصاف سندھ میں ایک اور صوبہ بنانے کے خلاف ہے۔

تازہ ترین