• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران، مودی کی مشترکہ خواہشات، دونوں کی طرف سے خطے کی خوشحالی ، اعتماد سازی، تشدد سے پاک ماحول بنانے کا عزم، عمران خان کا بھارتی وزیراعظم کو فون

اسلام آباد،نئی دہلی(جنگ نیوز،خبرایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان کا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو انتخابات میں کامیابی پر فون کرکے مبارکباد دی اس دوران عمران خا ن اور مودی کی جانب سے خطے کی خوشحالی ، اعتماد سازی، تشدد سے پاک ماحول کے عزم کا اظہار کیا گیا، عمران خا ن نے کہاکہ عوام، امن ، ترقی ، خوشحالی کیلئےملکر کام کرنا چاہیے جس پر مودی نے کہا کہ تشدد سے پاک ماحول ، اعتماد کا قیام ضروری ہے۔ دفترخارجہ پاکستان سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے نریندر مودی کو انتخابی کامیابی پر مبارک باد دینے کے علاوہ خطے کے لوگوں کی بہتری کے مشترکہ طور پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا،عمران خان نے خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے بارے میں اپنی سوچ اور خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان اہداف کے حصول کے لیے بھارت کے ساتھ ملکر کام کرنے کے لیے تیار ہیں،اس فون پر ہونے والے بات چیت کے بارے میں بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی نے امن، خوشحالی اور ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اعتماد اور دہشت گردی سے پاک ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔واضح رہے کہ عمران خان اور مودی میں آخری مرتبہ جولائی 2018میں بات چیت ہوئی تھی جب نریندر مودی نے عمران خان کو ان جماعت تحریک انصاف کی انتخابی کامیابی پر مبارک باد پیش کی تھی۔یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس سال فروری میں جنگ کی کیفیت پیدا ہو گئی تھی جب مقبوضہ کشمیر میں ایک حملے میں چالیس بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے ، بھارت نے اس حملے کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالتے ہوئے پاکستان کے اندر فضائی حملے کی کوشش کی تھی جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستان نے جوابی فضائی کارروائی میں بھارتی فضائیہ کا ایک مگ بائسن طیارہ مار گرایا تھا اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔

تازہ ترین