• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زینب احمد

رمضان ہو، عید ہو، شادی بیاہ ہو یا دیگر تہوار خواتین کے کام ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتے ، کبھی گھر کی صاف صفائی کی ٹینشن تو کبھی کھانا پکانے کی فکر ، انہی تمام فکرات میں وہ خود پر دھیان دینا ہی بھول جاتی ہیں۔ اب عید پر ان کی مصروفیات کو ہی دیکھ لیجیے، گھر کی سجاوٹ، کھانے کی تیاریوں میں انہیں پارلر جانے کا وقت ہی نہیں ملتا، جب تک وہ تمام کاموں سے فارغ ہوتی اور پارلر کا رخ کرتی ہیں تو پتا چلتا ہے پارلر میں تو پہلے سے ہی خواتین کی لمبی قطارلگی ہوئی ہے، کچھ خواتین تو اپنی باری آنے کا انتظار کرلیتی ہیں جب کہ کچھ ایسے ہی اپنے گھر لوٹ جاتی ہیں۔ تو چلیے آج ہم آپ کی یہ مشکل آسان کر دیتے ہیں، ہم آپ کو گھر بیٹھے فیشل کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں، تاکہ اگر آپ کو پارلر جانے کا وقت نہ ملے تو آپ گھر میں خود ہی فیشل کر لیں اور عید پر آپ بھی نکھری نکھری نظر آئیں۔

کلینزنگ

کسی بھی قسم کی جلد کلینزنگ کے بغیر خوبصورت و پُر کشش نظر نہیں آسکتی ۔کیوں کہ ہمارے چہرے پر بہت زیادہ گرد اور میل جماہوتا ہے جو صرف کلینزنگ سے ہی صاف ہوسکتا ہے۔ا س کا طریقہ کچھ یوں ہے کوئی بھی اچھی کلینزنگ ملک یا کریم سے جلد کے مختلف حصوں کی صفائی کریں ۔اس عمل کے لیے ہاتھوں کی انگلیوں کو بہت دھیرے دھیرےنیچے سے اوپر کی جانب اورگالوں پر دائروں کی شکل میں گھمائیں۔پیشانی ،ناک آنکھیں اور ٹھوڑی پر دونوں ہاتھوں کی پہلی انگلیوں کو باہم ملا کر مخالف سمت میں گھمائیں ۔یہ عمل آدھے گھنٹے تک کریں ۔اس دوران ٹھنڈے پانی کا پیالہ بھی ساتھ رکھیں اور وقفے وقفے سے جب یہ کریم چہرے پر جذب ہونے لگے تو ہاتھ اس پیالے میں بھگو کر دوبارہ چہرے پرپھیریں ۔

اسکربنگ

اسکربنگ بھی کلینزنگ کی طرح کی جاتی ہے ،خصوصاًناک کے اطراف میں اور ٹھوڑی پر خاص تو جہ دی جاتی ہے ۔اگر مصروفیت کے باعث آپ مکمل فیشل نہیں کرسکتیں تو صرف اسکربنگ کر کے بھی جلد کو خوش نما بنایا جا سکتا ہے اور اسکرب نہ ہونے کی صورت میں درج ذیل طریقوں پر عمل کر کے بھی چہرے کی صفائی کی جاسکتی ہے ۔سب سے پہلے ہاتھوں کو اچھی طرح صابن سے دھو کر خشک کرلیں ۔ اس کے بعد تھوڑا سا کلینزنگ کریم اور تھوڑا سا نمک لے کر اچھی طرح مکس کر لیں ۔پھر اس مرکب کو چہرے پر لگا کرمساج کریں۔یہ بات ضرور یاد رکھیں کہ مساج ہمیشہ نیچے سے اوپر کی جانب کرنا چا ہیے ۔یہ عمل دس منٹ تک کریں ۔

ماسک

سب سے پہلے ٹھنڈے پانی سے چہرے کو دھولیں ۔پھر جلد کی مناسبت سے ماسک کا انتخاب کریں ۔آپ گھر میں تیارکردہ ماسک بھی لگا سکتی ہیں ۔یہاں پر ہم آپ کو ہر قسم کی جلد کے لیے ماسک بنانے کے بارے میں بتا رہے ہیں۔ماسک بنانے کے لیے: ایککھانے کا چمچہ شہد ،ایک انڈے کی سفیدی ،ایک چائے کا چمچہ دودھ اور تھوڑے سے بادام پیس کر ملا لیں پھر اس ماسک کو چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے پر ٹھنڈے پانی سے صاف کرلیں ۔چہرہ ایک دم چمک اٹھے گا ۔

موئسچرائزنگ

ماسک صاف کرنے کے بعد کوئی بھی اچھا موئسچرائزر جلد پر لگائیں اس سے آپ کے چہرے پر قدرتی سرخی نمایاں ہوگی ۔

ٹوننگ

ان تمام مرحلے کے بعد چہرے پرٹونر لگانا لازمی ہے کیوں کہ یہ جلد کو آلودگی اور بیکٹیریا سے محفوظ رکھتا ہے ۔اس سب کے بعد آپ کا چہرہ تروتازہ لگے گا ۔اب آپ جیسا چاہیں میک اپ کرکے عید کی خوشیوں کو دوبالا کریں ۔   

تازہ ترین