• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پاکستان کے خلاف پہلے میچ نے مشکل میں ڈال دیا‘

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے معاون کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف پہلے میچ نے مشکل میں ڈال دیا ہے ۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی سے ہو رہا ہے جب کہ قومی ٹیم 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا میچ کھیلے گی۔

‏سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دل تو پاکستانی ہے لیکن پیشہ وارانہ طور پر ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہوں ، ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان پر اٹیک کرنے کی کوشش کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ انگلینڈ ٹیم کے ساتھ تھے ان کی کوشش ہوتی تھی کہ جب پاکستان کے خلاف میچ ہو وہ کم ہی بولیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی کم ہی بولیں گے لیکن جب کھلاڑیوں کو ضرورت ہو گی تو ویسٹ انڈیز ٹیم کی پوری طرح سے مدد کریں گے۔

‏مشتاق احمد کا ماننا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان پر اٹیک کرنے کی کوشش کرے گی کیونکہ جارحانہ انداز سے ہی اسے کامیابی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں چار، پانچ فاسٹ بولرز کی رفتار 90 سے اوپر ہے اور وہ باؤنسرز کرنا جانتے ہیں اور وہ پاکستان ٹیم کو باؤنسرز مار کر دباؤ میں لائیں گے۔

مشتاق احمد کے مطابق کرس گیل اور آندرے رسل کے آنے سے ویسٹ انڈیز کی بولنگ بھی مضبوط ہوئی ہے، شے ہوپس بھی اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ پاکستان ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

‏سابق کرکٹر نے کہا کہ دونوں ٹیمیں اٹیک کرنے کی کوشش کریں گی اور جو زیادہ اٹیک کرنے میں کامیاب ہوئی وہ جیتے گی۔

تازہ ترین