پاک بھارت کشیدگی کے ماحول میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔
امریکا نے دونوں ملکوں کو کشیدگی کم کرنے کےلیے مل جل کر کام کرنے کا مشورہ دیا ہے جب کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد نے کہا ہے کہ وہ موجودہ بحران کم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ چین جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے کے بعد بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی توثیق کرنے اور پاکستان کی مستحکم حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی وزیرِ اعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے الگ الگ ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔
مارکو روبیو نے کشیدگی کم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔