• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش کا جنوبی افریقا کو 331 رنز کا ہدف

کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے پانچویں میچ میں بنگلادیش نے جنوبی افریقا کو 331رنز کا ہدف دے دیا۔

چوتھے روز اوول گرائونڈ پر کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیشی بیٹسمینوں نے عمدہ بیٹنگ کی اور جنوبی افریقا کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 6وکٹ پر 330رنز بنائے۔

بنگلادیش کی طرف سے مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں،دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 78 اور 75 رنز بنائے اور تیسری وکٹ پر 142رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔

بنگال ٹائیگر کے دیگر کھلاڑیوں میں سومیا سرکار42 اور محمود اللہ 46رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔

جنوبی افریقا کو بنگلادیش کے خلاف ایونٹ کے پانچویں میچ میں پہلی کامیابی 60کے اسکور پر ملی، تمیم اقبال 16رنز بناکر اینڈلے فیفلکوایو کا شکار بن گئے۔

دوسری وکٹ پر شکیب الحسن اور سومیا سرکار نے اسکور میں 15 رنز ہی کا اضافہ کیا تھا کہ ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے کرس مارس نے سومیا سرکار کو پویلین کا راستہ دکھایا، انہوں نے 42 رنز کی اننگز کے دوران 9چوکے لگائے۔

بنگلادیش کی تیسری وکٹ 217کے اسکور پر گری،شکیب الحسن 75رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر عمران طاہر کی گیند پر بولڈ ہوگئے، انہوں نے اس دوران 8 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

جنوبی افریقا کو چوتھی کامیابی 242کے اسکور پر عمران طاہر نے ہی دلوائی،انہوں نے محمد متھون کو 21کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر دیا،یہ میچ میں ان کی دوسری وکٹ تھی۔

بنگلادیش کے پانچویں آوٹ ہونے والے بیٹسمین مشفق الرحیم تھے، جو 78رنز کی اننگز کھیل کر فیفلکوایو کا دوسرا شکار بن گئے،انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 8چوکے لگائے۔

جنوبی افریقا کو میچ میں چھٹی اور آخری کامیابی316 کے اسکور پر مصدق حسین 26رنز کی ملی انہیں کرس مورس نے آوٹ کیا اور میچ میں دوسری وکٹ بھی حاصل کرلی۔

بنگلا دیش کے محمود اللہ 46 اور مہدی حسین مرزا 5رنز پر ناقابل شکست رہے۔

جنوبی افریقا کے فیفلکوایو، عمران طاہر اور کرس مارس نے 2،2 بنگلادیشی کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

جنوبی افریقا نے پہلے میچ زخمی ہونے والے ہاشم آملہ کی جگہ ڈیوڈ ملر جبکہ آل رائونڈر ڈوین پریٹوریس کی جگہ کرس مارس کو فائنل الیون میں شامل کیا۔

بنگلادیش ورلڈ 2019 میں آج اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہے جبکہ جنوبی افریقا کو افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آئی سی سی کی درجہ بندی میں جنوبی افریقا تیسرے اور بنگلادیش ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔

تازہ ترین