• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کی ذمہ داری پوری لگن سے نبھاؤں گا، چوہدری آصف محمود

— جنگ فوٹو
— جنگ فوٹو

اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) بورڈ کے نو منتخب رکن چوہدری آصف محمود کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کےلیے حکومت نے جو ذمہ داری دی ہے اسے پوری لگن سے نبھاؤں گا۔

اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے رکن منتخب ہونے کے بعد معروف کاروباری شخصیت چوہدری آصف محمود کی جاپان آمد پر پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ٹوکیو ایئرپورٹ پر پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ 

اس موقع پر چوہدری آصف محمود کو گلدستے پیش کیے گئے اور ان کی نئی ذمہ داری پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ 

چوہدری آصف محمود نے ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ او پی ایف کے پلیٹ فارم سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہو گی اور وہ ہر فورم پر ان کی آواز بلند کریں گے۔ 

چوہدری آصف محمود نے کمیونٹی کے تعاون اور محبت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو قومی خدمت کا ایک سُنہری موقع سمجھتے ہیں۔

جاپان میں ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کرنے والوں میں اشرف چہل، دولت خان، رفاقت خان، ملک ساجد، امجد خان، ملک یونس، مرزا اکرم، ندیم خان، ملک ممتاز اور ممتاز عالم سمیت کمیونٹی کی متعدد نمایاں شخصیات شامل تھیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید