• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

35 سال سے مقیم پاکستانی خاتون کو بھارت چھوڑنے کا حکم

---تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
---تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

اوڈیشہ کے علاقے بولانگیر میں گزشتہ 35 برس سے مقیم سارادا بائی کو بھارتی حکام نے فوری طور پر ملک چھوڑ کر پاکستان واپس جانے کا حکم دے دیا ہے۔

پولیس کے مطابق سارادا بائی کا ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے اور اگر وہ حکم پر عمل نہ کریں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ اقدام مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کیے گئے اقدامات کا حصہ ہے۔

سارادا بائی کئی دہائیاں قبل بولانگیر کے ایک ہندو خاندان میں شادی کے بعد بھارت آئی تھیں، ان کے شوہر مہیش ککرےجا ہیں، جبکہ ان کے بیٹے اور بیٹی بھارتی شہری ہیں۔

اگرچہ سارادا بائی کے پاس شناختی دستاویزات جیسے کہ ووٹر کارڈ موجود ہیں، لیکن انہیں بھارتی شہریت کبھی نہیں دی گئی۔

حکام کے فیصلے کے بعد سارادا بائی نے ہاتھ جوڑ کر حکومت سے اپیل کی کہ انہیں اپنے خاندان سے جدا نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میرا پاکستان میں کوئی نہیں ہے، میرا پاسپورٹ بھی بہت پرانا ہو چکا ہے، میں ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتی ہوں کہ مجھے یہاں جینے دیا جائے، میرے دو بچے اور نواسے نواسیاں ہیں، میں اپنی زندگی بطور بھارتی یہاں گزارنا چاہتی ہوں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید