پاکستان اور بھارت کے درمیان گیارہ فضائی روٹس میں سے ایک روٹ پروازوں کیلئے کھل گیا، ترجمان سی اے اے نواز سپرا کے مطابق پروازوں کے لیے کھولے جانے والے روٹ کا نام ٹیلم ہے۔
ٹیلم کے فضائی روٹ پر طیارے بحیرہ عرب پر پاکستانی حدود میں پرواز کرتے اور بدین کے اوپر سے گزر کر بھارت میں داخل ہوتے ہیں، پاکستان نے یہ روٹ مارچ میں کھول دیا تھاجبکہ بھارت کی جانب سے یہ روٹ 2جون کو کھولا گیا ہے۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق ٹیلم کا فضائی روٹ پاکستان اور بھارت سمیت تمام بین الاقوامی ایئرلائنز استعمال کر سکتی ہیں، انڈیگو ایئرلائن پہلی بھارتی ایئر لائن ہے جس کی دبئی سے دہلی جانے والی پرواز پاکستانی حدود سے گزر کر بھارت میں داخل ہوئی۔
انڈیگو ایئرلائن کی پرواز 6E24 نے ایک گھنٹہ 10 منٹ پاکستانی فضائی حدود میں پرواز کی، ٹیلم کا فضائی روٹ کھلنے سے بھارتی ایئر لائن کو 22 منٹ کی پرواز اور 12 سو کلو ایندھن کی بچت ہوئی، تاہم ٹیلم روٹ کھلنے کا فائدہ کوئی پاکستانی ایئرلائن نہیں اٹھا رہی۔
واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستانی حدود میں جارحیت کے بعد اس سال 27 فروری سے دونوں ملکوں کی فضائی حدود بند ہیں، تاہم ٹیلم روٹ کھلنے کے بعد امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باقی 10 فضائی روٹ بھی جلد کھل جائیں گے۔