• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سری لنکا میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کے گیارویں میچ میں ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہے ۔

برسٹل میں ورلڈ کپ کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ اگر مقاقی وقت کے مطابق سوا 4 بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجکر 15 منٹ تک پاکستان اور سری لنکا کا میچ شروع نہیں ہوسکا تو میچ ختم کردیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ میچ شروع کرنے کیلئے ضروری ہے کہ مقامی وقت کے مطابق شام 3 بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے گراؤنڈ کھیل کے قابل ہونا ضروری ہے تو اس صورت میں 20 بیس اوورز کا کھیل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق برسٹل میں مطلع ابر آلود ہے اور بارش کا سلسلہ صبح سے ہی جاری ہے، جبکہ پچ کو پانی سے بچانے کے لیے ڈھانپ دیا گیا ہے، تاہم صبح سے شروع ہونے والی بارش کی شدت میں ابھی اضافہ ہوگیا ہے ۔

برسٹل میں ہونے والی بارش کی وجہ سے آئی سی سی کی پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کو فی الحال ہوٹل میں ہی رکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

گراؤنڈ خشک کرنے والی دو مشینوں سپر سوئپر سے گراونڈ کو خشک اور پانی صاف کیا جارہا ہے اور ابھی گراؤنڈ کو گراؤنڈ اسٹاف نے امپائروں کے حوالے نہیں کیا ہے۔

ورلڈ کپ کا یہ میچ دیکھنے کیلئے پاکستانی تماشائی دنیا کے مختلف شہروں سے برسٹل میں ہیں اور انہیں سخت مایوسی کا سامنا ہے، برسٹل میں محکمہ موسمیات نے شام 6 بجے تک تیز بارش کی پیش گوئی کی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کا یہ تیسرا میچ ہے اور دونوں نے ایک ایک میچ جیتا ہے اور ایک ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔

تازہ ترین