• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آئی سی سی نے دھونی کو بھارتی فوج کے لوگو والے گلوز پہننے سے روک دیا

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اس کے بیٹسمین مہندرا سنگھ دھونی کو بھارتی فوج کی سپورٹ میں گلوز پہننے سے روک دیا ہے۔

آئی سی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق کسی بھی کھیلوں کےسامان پر کوئی بھی پیغام یا لوگو نہیں چسپاں کیا جاسکتا۔

مہندرا سنگھ دھونی کے وکٹ کیپنگ گلوز پر چسپاں لوگو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

مہندرا سنگھ دھونی کے انڈین فوجی یونٹ کے نشان والے گلوز پر آئی سی سی کے اعتراض کے بعد انڈین وزیر کھیل نے دھونی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ کے حکم پر بنائی گئی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹر یا سی او اے کی رکن ڈیانا اڈولجی کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں یہ کمیٹی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے اور ہر قیمت پر دھونی کا ساتھ دیں گے۔

صحافیوں نے جب اڈولجی سے پوچھا کہ کیا اس بارے میں دھونی سے کوئی بات ہوئی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ دھونی کو اس معاملے میں لانے کی ضرورت نہیں ہے۔

دوسری جانب پاکستانی کرکٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے فوجی ٹوپیاں پہننے کی کوئی تجویز نہیں ہے اس حوالے سے بھارتی میڈیا منفی پروپیگنڈا کررہا ہے۔

پاکستانی ٹیم کے میڈیا منیجر رضا راشد کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اس وقت ورلڈ کپ پر فوکس ہیں اور کسی دوسری جانب نہیں سوچ رہے،کھلاڑیوں سے ٹیم انتظامیہ کی بات ہوئی ہے کپتان سرفرازاحمد اور کھلاڑی کوئی ایسا تنازع کھڑا نہیں کرنا چاہتے جس سے لڑکوں کا فوکس میچ سے ہٹے۔

قومی ٹیم کے میڈیا مینیجر نے کہا کہ بھارتی میڈیا سولہ جون کے میچ سے قبل ایسی خبریں دے رہا ہے جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو منفی خبروں میں شامل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فوج ہمارے لئے قابل احترام ہے اور دلوں میں ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم بھارتی کھلاڑیوں والی کوئی ایسی حرکت کریں جس سے منفی تاثر ابھرے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر ٹیکنیکل کمیٹی کو اعتراض نہیں ہوگا تو دھونی بقیہ میچوں میں وہی متنازع گلوز استعمال کریں گے۔

چیئرمین ونود رائے کا کہنا ہے کہ ’آئی سی سی کے ضابطے کے مطابق کھلاڑی کسی مذہبی، فوجی یا کمرشل اہمیت کی علامت یا نشان کو نہیں پہن سکتے۔

بھارت کے وزیر کھیل کرن رِجِجو نے کہا کہ یہ معاملہ ملک کے جذبات سے جڑا ہوا ہے اور بی سی سی آئی سے درخواست ہے کہ وہ اس بارے میں آئی سی سی سے بات کرے۔

سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’دھونی انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنے گئے ہیں مہا بھارت کے لیے نہیں گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں اس بارے میں کتنی احمقانہ بحث جاری ہےاور بھارتی میڈیا کا ایک طبقہ جنگ کے بارے میں اتنا پرجوش ہے کہ انھیں شام، افغانستان بھیج دیا جانا چاہیے۔

تازہ ترین
تازہ ترین