• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


سابق جرمن فٹ بالر اور آرسینال فٹ بال کلب کے مڈ فیلڈر میست اوزل شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

فُٹ بال اسٹار اوزل اور اُن کی منگیتر امینہ گُلسی کی گزشتہ روز شادی کی سادہ مگر پرُوقار تقریب ترکی کے شہر استنبول میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں ترک صدر طیب اردوان اور اُن کی اہلیہ نے خصوصی شرکت کی۔

ترک صدر اور اُن کی اہلیہ کی موجودگی میں میست اوزل اور امینہ گلسی کا نکاح کیا گیا۔



30سالہ اوزل نے اپنی شادی کی تقریب میں فراخ دلی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ اور اُن کی اہلیہ 1000ضرورت مند بچوں کی سرجری کا تمام تر خرچہ اٹھائیں گے۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں اوزل نے شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں سے بھی عطیہ دینے کی درخواست کی ہے۔

عالمی شہرت یافتہ فُٹ بالر کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے ۔ شادی کی تقریب کی تصویروں کو اوزل کے مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔

اوزل کو بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ سمیت دنیا بھر کی معروف شخصیات کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات دئیے جارہے ہیں۔

شادی مبارک اوزل !!
اوزل اپنی اہلیہ کے ساتھ ترکی کا  روائتی رقص کر رہے ہیں:انسٹاگرام فوٹو

مداحوں کی جانب سے بھی اوزل کو شادی کی مبارکباد اور اُن کی نئی زندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔


یاد رہے کہ اوزل کی امینہ گلسی سے 2017 میں دوستی ہوئی بعد ازاں دونوں نے جون 2018 میں منگنی کر لی ۔اوزل نے گزشتہ ماہ ترک صدر سے ملاقات میں انہیں اپنی شادی میں مدعو کیا تھا۔


واضح رہے کہ گزشتہ سال اوزل کی طیب اردگان سے ملاقات پر جرمنی میں ان پر شدید تنقید کی گئی تھی اور ان کے محب وطن ہونے پر سوال اٹھایا گیاتھا جس کے بعد اسٹار فٹبالر اوزل نے جرمن ٹیم چھوڑنے کا اعلان کردیاتھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ میست اوزل 2014 کے فٹ بال ورلڈ کپ میں جرمنی کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی رہے تھے۔

ترک نژاد مسلمان میست اوزل کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ وہ جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم کے رکن رہ چکے ہیں اور جرمنی میں بنڈس لیگا کے ایک سے زائد کلبوں کے لیے بھی کھیلتے رہے ہیں۔ بعد میں وہ یورپی کلب فٹبال کی سطح پر اسپین کی رایئل میڈرڈ ٹیم کے لیے بھی کھیلتے رہے ہیں اور آج کل انگلش فٹبال کلب آرسنل لندن سے وابستہ ہیں۔

تازہ ترین