پشاور( کرائم رپورٹر) صوبائی دارلحکومت پشاور میں رہزنی اور چوری کی 8وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی اورموبائل فو ن سیٹ چھین لئے گئے ہیں ۔بینک منیجر یاسر قیوم ولد عبدالقیوم سکنہ گلبرگ نمبر تین عید کی شب بینک سے گھرجارہاتھا کہ گلبرگ میں موٹرسائیکل سواررہزنوں نے روکا اور اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر قیمتی موبائل فون سیٹ چھین لیا اورفرار ہو گئے ۔تھانہ چمکنی کی حدود میں سروس روڈ پرعید کی شب رہزنوں نے ملٹی نیشنل کمپنی کے سیلز مین سے اسلحہ کی نوک پر 58ہزار روپے کی نقدی چھین لی اور فرار ہو گئے ۔تھانہ چمکنی کی حدود میں اسی کمپنی کے ایک اور سیلز مین سے رہزن 1لاکھ 32ہزار روپے چھین کرفرار ہو گئے ۔صدام آفریدی ولد جمیل احمد آفریدی سکنہ دانش آباد گھرجارہاتھا کہ راستے میں گھر کے قریب دوموٹرسائیکل سوار رہزنوں نے روکا اور اسلحہ کی نوک پر یرغمال بناکر قیمتی موبائل فون سیٹ چھین لیا ۔حیات آباد فیز ون میں موٹرسائیکل سوار رہزن عبدالحمید سے اسلحہ کی نوک پر 2ہزار روپے اور موبائل فون سیٹ چھین کر فرار ہو گئے ۔تھانہ ٹائون کی حدود میں کویت ہسپتال کے سامنے چوروں نے فیض اللہ ولد عطاء اللہ سکنہ تہکال پایان کی گاڑی سے لیپ ٹاپ اور دیگر ضرور ی دستاویزات چوری کر لئے ۔تھانہ تہکال کی حدود شاہین ٹائون میں واقع ہاسٹل میں رہائش پذیر عقیل جدو ن نے پولیس کو بتایا کہ کسی روز نامعلوم افراد نے اس کے کمرہ سے موبائل فون سیٹ اور ہزاروں روپے کی نقدی چوری کی ہے ۔تھانہ مچنی گیٹ کی حدود کبابیان میں چوروں نے اسامہ صابر ولد صابر احمد کو قیمتی موبائل فون سیٹ سے محروم کردیا ۔پولیس نے الگ الگ رپورٹیں درج کر لیں۔